137

سپریم کورٹ میں بڑھتی آبادی پر توجہ کے عنوان پر سمپوزیم

سپریم کورٹ میں بڑھتی آبادی پر توجہ کے عنوان پر سمپوزیم

اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے معاملے پر غور کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی زیر صدارت اہم کانفرنس جاری ہے۔ 

لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر انتظام منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان، ماہرین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق کانفرنس سے چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزیر صحت عامر کیانی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی خطاب کریں گی۔

کانفرنس سے عالم دین مولانا طارق جمیل اور دیگر ماہرین بھی خطاب کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق گلوکار شہزاد رائےکانفرنس سے متعلق تھیم سانگ بھی پیش کریں گے۔

اجلاس کے دوران آبادی پر قابو پانے کے لیے فیصلوں اور رہنمائی کے لیے 31 دسمبر تک ٹاسک فورسز بنائی جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈ بنائے جانے کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ڈیم فند ریزنگ کے لیے دورہ برطانیہ کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے دسمبر سے آبادی پر کنٹرول کے لیے ‘2 بچے ہی اچھے’ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جسٹس ثاقب نثار نے اس موقع پر کہا تھا کہ 12 یا 13 دسمبر سے وہ مہم شروع کرنے جارہے ہیں، جس کے دوران اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے گی کہ آبادی کو کیسے کنٹرول کرنا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں اس کی شروعات اپنے گھر سے کروں گا اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کروں گا’۔

چیف جسٹس نے امید ظاہر کی تھی کہ اس معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اور پاکستان کی بقا کے لیے قوم ان کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 سے زائد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں