116

ضور نبی رحمت ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ ناراض اس شخص سے ہوگا، پیر محمد نقیب الرحمن

ضور نبی رحمت ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ ناراض اس شخص سے ہوگا، پیر محمد نقیب الرحمن

راولپنڈی ( رپورٹر ) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ جو کچھ بھی کرو خالصتاً ربِ رحمن کی رضا کی خاطر کرو اور اس دنیا میںجو بھی وقت ہمارے پاس موجود ہے اس کا ایک ایک لمحہ شکر گزاری میں گزارو کیونکہ ربِ رحمن قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ میرا شکر ادا کرو کہ میں تمہیں اور زیادہ دوں گا اور میری ناشکری نہ کرو ۔

رحمت اور توبہ کے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور ہمیں چاہئے کہ ہم ماحول کو ٹھیک کرنے کے لئے مایوسی کے تعفن کو دور کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔حضور نبی رحمت ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ ناراض اس شخص سے ہوگا جو لوگوں میں مایوسی اور نا امیدی پھیلاتا ہو گا اور بالخصوص ہمیں اپنے پیارے وطن پاکستان کے متعلق نا امیدی اور مایوسی پر مبنی گفتگو کرنے سے پر ہیز کرنا چاہئے۔ یہ ہمارا کام نہیں کہ اس بحث میں پڑیں کہ نظام کیسے چلے گا ۔ یہ مخلوق کسی شخص کے ذمے نہیں بلکہ ربِ رحمن مخلوق کو سنبھالنے والا اور نظام کو چلانے والا ہے۔

ہمیں چاہئے کہ دوسروں کی بجائے اپنا محتسب بنیں اور اپنی ذات میں موجود خرابیوں اور کوتاہیوں کو دور کریں تا کہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہو سکے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے عمل و کردار اور گفتار سے فضا کو آلودہ مت کریں بلکہ ایسے اعمال کریں جو اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول کا موجب بنیں۔ مصطفی جانِ رحمت ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ انسانوں کی جانب سے جو شر اور برائی پھیلتی ہے اسے دیکھ کر زمین ربِ کریم کی بارگاہ میں عرض کرتی ہے کہ میں مخلوق کو ان کے سیاہ اعمال کی وجہ سے غرق کر لوں اور آسمان عرض کرتا ہے کہ میں ان پر پتھر برسا کر انہیں ہلاک کر دوں تو ربِ رحمن فرماتا ہے

کہ اگر یہ تمہاری مخلوق ہے تو ہلاک کر دو اور اگر میری مخلوق ہے تو انہیں چھوڑ دو۔ اس حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ ربِ رحمن کی رحمت سے قطعی طور پر کوئی نا امیدی نہیں ہے اور بے شک اللہ تعالیٰ جمیع گناہوں کا معاف فرمانے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے ماسٹر محمد ارشد، قاری محمدسلیم شہزاد، راجہ منظور حسین اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا

جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر ، محمد طاہر اور عبدالکبیر نقشبندی نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیرمحمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی، ترقی ، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحا دبین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں