95

میرپور میں زلزلہ، آرمی چیف کی فوج کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت

میرپور میں زلزلہ، آرمی چیف کی فوج کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کمک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔

شدید زلزلے کے باعث سب سے زیادہ تباہی آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں ہوئی جہاں اب تک 5 افراد کے جاں بحق ہونے اور سیکڑوں کے زخمی ہونے اطلاعات ہیں۔

زلزلےکے باعث میرپور میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ متعدد سڑکیں بھی دھنس گئی ہیں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کمک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چيف کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے آرمی کے دستے اور میڈيکل اسٹاف روانہ کر دیا گيا ہے۔

جن علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے، وہ دور دراز کے علاقے نہیں ہیں: این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ زلزے کا مرکز جہلم اور میرپور کا علاقہ تھا۔ 

انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے، وہ دور دراز کے علاقے نہیں ہیں، بہت جلد وہاں امدادی کارروائیاں شروع کردی جائیں گی جبکہ متعدد علاقوں میں سویلین انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں