88

ہمارے تعلیمی نظام میں جو سلیبس ہے اس میں بہت سی کوتاہیاں ہیں،محمد معروف خان

ہمارے تعلیمی نظام میں جو سلیبس ہے اس میں بہت سی کوتاہیاں ہیں،محمد معروف خان

اسلام گڑھ(جاوید اقبال بٹ سے) ہمارے تعلیمی نظام میں جو سلیبس ہے اس میں بہت سی کوتاہیاں ہیں رٹے رٹائے نظام کو دہائیوں سے چلایا جا رہا ہے جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے طالبعلم معاشرے کے اچھے شہری بننے کے بجائے معذور شہری بن کر نظام کی خرابی کا سبب بنتے ہیں جس کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسپیشل ایڈوائزر برائے وزہراعظم آزادکشمیر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان نے بطور مہمان خصوصی تعلیمی بورڈ میرپور آزادکشمیر کے میٹرک کے امتحانات میں حلقہ نمبر 2 اسلام گڑھ چکسواری کے سرکاری سکولوں میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات سے کیا انھوں نے کہا کہ این ٹی ایس حکومت کا شاندار اقدام ہے جس کا ثمر ہم دہائیوں تک کھائیں گے۔ این ٹی ایس کے ذریعے قابل اساتذہ سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے یہ لوگ نظام تعلیم کو اک نئے زاویے سے لے کر چلیں گے جن مشکلات کا سامنا انھوں نے خود کیا

وہ ان مسائل کو حل کر کے آئندہ اچھا رزلٹ دیں گے۔ قابل بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا انتہائی ضروری ہے اور آج کی یہ منعقدہ تقریب میری دلی خواہش تھی جسے پورا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت ترجیعی بنیادوں پر عوام کو سہولیات پہنچانے کے لیے کمربستہ ہے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس مہنگائی کہ دورے میں بجلی کا ریٹ بھی 3 روپے فی یونٹ ہوگا مگر حکومت آزادکشمیر نے یہ کر دکھایا اب لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ بجلی بلات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ تاکہ ان کے مسائل کو حل کرنے میں جو درپیش مسائل ہیں ان کا تدارک کیا جا سکے۔ انھوں نے بطور میزبان تقریب بھی تمام مہمانوں کا آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت گورنمنٹ ہائی سکول پوٹھہ بینسی کے طالب علم علی حیدر نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبولﷺ کی سعادت گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پوٹھہ بینسی کی طالبہ علیشبہ نے حاصل کی۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر سکول مردانہ میرپور سید تخیلق الزماں اور سینئر صدرمعلم حافظ نوید اشرف نے بھی اظہار خیال کیا انھوں نے کہا نمایاں پوزیشنز لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا کام تھا جسے کرنل معروف اور ہائی سکول پوٹھہ بینسی کے سابق طالبعلم عبدالمجید نے کیش پرائز دے کر کیا ہے۔ ہمیں یہ خوشی ہے کہ تعلیم دوست لوگ معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ معاشرے کی ترقی تعلیم دوست لوگوں کی بدولت ہی ممکن ہے

حکومت اور محکمہ تعلیم اپنے حصے کا کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں بطور شہری بھی اس میں حصہ ڈالنا چاہیے اور تعلیمی اداروں میں موجود کوتاہیوں کو متعلقہ حکام تک پہنچانا چاہیے اور انھیں درست کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ قوم کے بچے ہیں جنھوں نے کل اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اگر ہم انھیں اچھا دیں گے تو یہ کل ہمیں اچھا لٹائیں گے ہمیں مایوسیوں اور ناامیدیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کا سہارا بن کر انھیں معاشرے کا قابل شہری بنانا ہوگا انھوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات ہر سکول میں ہونی چاہیے ہیں

تاکہ دیگر بچوں میں بھی کامیابی کی دوڑ میں آگے نکلنے کا جذبہ پیدا ہو اور ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ تقریب میں حلقہ بھر سے محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والوں سمیت کثیر تعداد میں معززین علاقہ اور طلباء کے والدین نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان کی طرف سے بچوں میں شیلڈز جبکہ اووسیز علم دوست شخصیت عبدالمجید کی طرف سے بچوں میں کیش پرائز معزز مہمانوں نے تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں