157

حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور ان کی اطاعت سے ہی ایمان کی تکمیل ہے

حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور ان کی اطاعت سے ہی ایمان کی تکمیل ہے
اسلام آباد ( فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف اسلام آباد ) سر ور کونین ، محبوب رب العالمین، سرکار دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اس کائنات کی جان ہیں۔ اہل محبت ماہ ربیع الاول میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش کی خوشی میں محافل انعقاد کر تے ہیں جن میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش اور حیات طیبہ کا ذکر کیا جاتا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل میں محفل میلاد مصطفی و سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سیمینار کا انعقادکیا گیا ۔ اس بابرکت محفل میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کے کثیر ملازمین نے شرکت کی۔

تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کی خدمات جناب قاری شفیق صاحب سے انجام دیں۔ تقریب کا آغاز صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری حکومت پاکستان جناب قاری نذیر احمد نعیمی صاحب نے اپنے دلکش اور دلنشین انداز سے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ممتاز ثناء خواں حضرات جناب راشد خان ، پی اے آر سی و دیگر نے نعتیہ کلام پیش کیا اور محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔
ممتاز سیرت نگار جناب پروفیسر ڈاکٹرنور حسین چشتی ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ، اسلام آباد نے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ پروفیسر صاحب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر بحث کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں بیان کیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت نے پورے کے پورے انسان کو اندر سے بدل دیا ۔ اللہ کے آخری رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھوں انسانی زندگی کو نشاہ ثانیہ حاصل ہوئی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک نظام حق کی صبح درخشاں سے مطلع تہذیب کو روشن کر کے بین الاقوامی دور تاریخ کا افتتاح فرمایا۔ یہ اتنا بڑا کارنامہ ہے جس کی مثال دوسری جگہ نہیں ملتی
۔رسول کی اطاعت ، اطاعت خدا کی واحد عملی صورت ہے ۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہی ایک مستند ذریعہ ہیں جس سے ہم تک خدا کے احکام اور فرامین پہنچے۔ کوئی اطاعت خدا ، رسول کی سند کے بغیر معتبر نہیں۔رسول کی پیروی سے منہ موڑنا خدا کے خلاف بغاوت ہے، اسی لئے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا” جس نے میری اطاعت کی
، اس نے خدا کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے خدا کی نافرمانی کی”۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہترین اخلاق کا نمونہ ہیں۔
تقریب کے اختتامی مراحل میں ڈاکٹر تراب حیدر ، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے سپاس نامہ پیش کیا اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالی۔۔ تقریب کے اختتام پر قاری شفیق صاحب نے دعا کی اور شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں