128

ڈیرہ غازیخان کے قرنطینہ سنٹر سے صحت یاب ہونے والے مزید76 زائرین گھروں کو روانہ کر دیا

ڈیرہ غازیخان کے قرنطینہ سنٹر سے صحت یاب ہونے والے مزید76 زائرین گھروں کو روانہ کر دیا

ڈیرہ غازیخان(محمد فیض سٹی رپورٹر) ڈیرہ غازیخان کے قرنطینہ سنٹر سے صحت یاب ہونے والے مزید76 زائرین گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔ائرپورٹ کے نزدیک قائم قرنطینہ سنٹر سے پاک آرمی کے بریگیڈئیر حسین مسعود،کمشنر نسیم صادق،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور دیگرنے زائرین کو روانہ کیا.

پاک آرمی کی طرف سے بریگیڈئیر حسین مسعود نے زائرین کو جوس،بسکٹ،دالیں اور دیگر اشیاء کے پیکٹس دئیے۔اس موقع پر بریگیڈئیر حسین مسعود نے زائرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائرین گھر وں میں محتاط رہیں،غیر ضروری میل جول سے اجتناب کیا جائے،

بریگیڈئیر حسین مسعود نے قرنطینہ سنٹرز ڈیرہ غازی خان میں سہولیات اور بہتر انتظامی امور پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا.کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ میں کلیئر ہونے والے ڈیرہ غازی خان،راجنپور،مظفر گڑھ، میانوالی، سرگودھا، چکوال،اٹک، رحیم یارخان، فیصل آبادگوجرانوالہ اور دیگر شہروں کے زائرین کو آج روانہ کیا گیا اور متعلقہ کمشنر،

ڈپٹی کمشنرز کو زائرین کی روانگی کے حوالے سے باقاعدہ اطلاع دے دی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ زائرین کو الگ بسوں،ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ میں روانہ کیاگیا ہے کمشنر نے کہا کہ تمام زائرین صحت مند ہو کر گھروں کو جا رہے ہیں۔ زائرین کے چہروں پر خوشی دیکھ کر انتظامی افسران، پولیس ڈاکٹرز اور دیگر اداروں کے افسران و ملازمین کی تھکاوٹ دور ہوگئی ہے۔




ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان سے پہلے 441زائرین کو ان کے گھروں کیلئے روانہ کیا گیا اور ابتک 500 سے زائد زائرین صحت یاب ہوکر گھروں کو روانہ کیا جا چکا ہے۔




۔قبل ازیں ٹرانسپورٹ،زائرین اور ان کے سامان کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے خصوصی ٹیموں نے سپرے کیا۔ زائرین کو احتیاطی تدابیر بارے آگاہی بھی دی گئی۔زائرین نے بہتر دیکھ بھال،مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں