واجد ضیاء کی عدم حاضری پر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی 106

واجد ضیاء کی عدم حاضری پر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

واجد ضیاء کی عدم حاضری پر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ سربراہ واجد ضیاء کی عدم پیشی کے باعث سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں۔ معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واجد ضیاء پر جرح کے لیے میں موجود ہوں جس پر جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ واجد ضیاء کہاں ہیں ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ آج غیر حاضر ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب ظاہر شاہ عدالت میں موجود ہیں، ڈی جی نیب سے معاون وکیل بیان لیں جس پر معاون وکیل عائشہ حامد کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب کو دن 2 بجے طلب کیا تھا، خواجہ حارث بھی دن 2 بجے آئیں گے۔ معاون وکیل نے کہا کہ اگر واجد ضیاء نہیں آئے تو صاف بتائیں، عدالت کا وقت ضائع نہ کریں، عدالت نے واجد ضیاء کی عدم پیشی پر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

احتساب عددالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈز ریفرنس کی سماعت دن دو بجے تک ملتوی کر دی۔ استغاثہ کے نئے گواہ ڈی جی نیب آپریشنز ظاہر شاہ کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔ عدالت نے ظاہر شاہ کو ایون فلیڈ کے حوالے سے متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ یاد رہے گزشتہ سماعت پر عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی سات دن کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کر دیں تھیں جس کے باعث دونوں کو دورہ لندن مختصر کرنا پڑا۔ نواز شریف لندن میں اپنی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں