کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، شہری پریشانی کا شکار 112

کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، شہری پریشانی کا شکار

کراچی میں چھٹی کے دن بھی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

گزشتہ روز شہر میں دن بھر لوڈ شیڈنگ کے باوجود مختلف علاقوں میں رات گئے بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

نارتھ ناظم آباد، گلستان جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا جب کہ ‘کے الیکٹرک’ کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ مجبوری میں کر رہے ہیں جب تک پوری گیس نہیں ملتی اس وقت تک لو ڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی۔

شہر میں لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں تجارتی سرگرمیاں اور روز مرہ کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں وہیں امتحان کی تیاری کرنے والے طلبا و طالبات کو بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔

شہر میں بجلی کی سنگین صورتحال میں سیاسی جماعتوں نے بھی احتجاج کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے جماعت اسلامی نے 20 اپریل کو وزیراعلٰی ہاؤس کے گھیراؤ اور 27 اپریل کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے ۔

واضح رہے کہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی پاور کمپنی کے الیکٹرک اور اور گیس کمپنی سوئی سدرن کے درمیان تنازع نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، دونوں اداروں کے درمیان تنازع کے باعث کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں