68

گجرات: 45 سالہ شادی شدہ شخص نے خود سے آدھی عمر کی لڑکی پر تیزاب پھینک دیا

شادی سے انکار 23 سالہ لڑکی کا جرم بن گیا،گجرات میں 45 برس کے شادی شدہ شخص نے خود سے آدھی عمر کی لڑکی پرتیزاب پھینک دیا۔

ملزم مجاہد متاثرہ لڑکی مہوش کا کزن ہے اور دوسری شادی کے لیے لڑکی اور اس کے گھر والوں پر دباؤ ڈال رہا تھا۔

ملزم مجاہد نے شادی سے انکار کرنے پر متاثرہ لڑکی سے بدلہ لینے کی غرض سے رات میں دوست کے ساتھ مہمان بن کر اس کے گھر پہنچا اور پھر گاڑی نہ ملنے کا بہانہ کرکے رُک گیا۔

صبح لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینک کر فرارہوگیا۔ پولیس نے پہلے ملزم کو گرفتار کیا پھر اس کے دوست کو بھی حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق سول لائن گجرات کے رہائشی 45 برس کے مجاہد کے سر پر اپنی کزن سے دوسری شادی کا بھوت سوار تھا اور اس نے کئی بار رشتہ لڑکی کے گھر بھی بھیجا تھا لیکن جواب میں لڑکی والوں نے صاف انکار کردیا تھا۔

مسلسل ’ناں‘ سننے کے بعد مجاہد کے دماغ نے لڑکی سے بدلہ لینے کا گھناؤنا منصوبہ بنایا اور گزشتہ شب اپنے ایک دوست کو لے کر لڑکی کے گھر مہمان بن کر پہنچا۔

پھر مجاہد نے گاؤں تک گاڑی نہ ملنے کا بہانہ بنایا اور وہیں رک گیا اور صبح 6 بجے دوست کے ساتھ مل کر سوئی ہوئی لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا جس کے بعد دونوں فرار ہوگئے۔

لڑکی کو فوری طور پر عزیز بھٹی ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا،خوش قسمتی سے تیزاب کم شدت کا تھا جس کی وجہ سے لڑکی کا چہرہ متاثر ضرور ہوا لیکن خراب ہونے سے بچ گیا۔

پولیس نے گھر والوں کی نشاندہی پر پہلے ملزم مجاہد کو اس کے گاؤں سے گرفتار کیا پھر اس کے دوست کو بھی دھر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں