173

جمال ترین کا دنیابندی خانہ سیزن ون اپنے اختتام کو پہنچا۔ سیزن ٹو کی بھرپور تیاریاں شروع

جمال ترین کا دنیابندی خانہ سیزن ون اپنے اختتام کو پہنچا۔ سیزن ٹو کی بھرپور تیاریاں شروع

تحریر و تصاویر۔ خالد حسین
پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ مرکز پر بات کرنے سے قبل پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں فرحت عباس جنجوعہ کی بطور کنٹرولر ایڈمنسٹریشن اینڈ پرسانل تعیناتی پر اُنہیں مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا بلاشبہ اُن کی تعیناتی ایک خوش آئند اقدام ہے اور توقع ہے کہ پی ٹی وی کوئٹہ مرکز اور پی ٹی وی بولان کی مزید ترقی کے لیے وہ بڑھ چڑھ کا کام کریں گے ہمیں فرحت عباس جنجوعہ سے ڈھیروں اُمیدیں وابستہ ہیں

، پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں ترقیوں کا سلسلہ جاری رہنا لائق تحسین ہے اس اقدام سے ناصرف پروڈیوسرز اور ملازمین کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے بلکہ اُنہیں پی ٹی وی کے لیے خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں پی ٹی وی کوئٹہ مرکز کے پروگرام منیجر فہیم الدین شاہ کی گروپ 8 میں ترقی پر بھی اُنہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں بلاشبہ اُن کی پیشہ ورانہ خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں

اُن کی بھر پور کوششوں کی بدولت آج پی ٹی وی کوئٹہ کے ڈراموں اور پروگرامز میں ایک بارپھر جان آگئی ہے اُنہوں نے جب سے بحیثیت پروگرام منیجر پی ٹی وی چارج سنبھالا ہے پی ٹی وی کوئٹہ و پی ٹی وی بولان روز بروز ترقی کررہا ہے جسکا اعتراف ناصرف ناظرین بلکہ فنکار بھی برملا کرتے دکھائی دیتے ہیں

جوکہ ایک بہت ہی خوش آئند ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ فہیم شاہ مستقبل میں بھی پی ٹی وی کوئٹہ اور پی ٹی وی بولان جوکہ صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کا واحد سیٹلائٹ چینل ہے اور سب کا ترجمان ہے اس کی مزید ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اگلے گروپ میں ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے تو بات کریں گے پروگرام پروڈیوسربلوچ خان جمالدینی کی جنہیں شاندار خدمات پر اگلے گریڈ میں سینئر پروگرام اسسٹنٹ گروپ 4 میں ترقی دے دی گئی ہے

اس سلسلہ میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے گیا ہے بلوچ خان جمالدینی جوکہ ایک نوجوان اور باصلاحیت پروگرام اسسٹنٹ کے طور پر فرائض منصبی انجام دے رہے تھے اُنہوں نے نا صر ف لائیو پروگرامز بلکہ نیٹ ورک کے پروگرامز کی

تیاری میں بھی اہم خدمات انجام دی ہیں پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں خدمات انجام دے رہے اہلکاروں پر منیجنگ ڈائر یکٹر اسلام آباد اور انتظامیہ کی توجہ لائق تحسین ہے اس اقدام سے نوجوان پروگرام اسسٹنٹ اور پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی ہوگی اس سے قبل سینئر پروڈیوسر جواد علی ہزارہ کوبھی اُن کی شاندار خدمات کے اعتراف کے طورپر پی ٹی وی بولان کا ہیڈ مقرر کرنا ایک بہترین فیصلہ ہے ۔
قارئین ۔ بات کریں گے

جمال ترین کی پندرہ اقساط پر مشتمل ملٹی لینگوئج ڈرامہ سیریل دنیا بندی خانہ کی جسے آصف جہانگیر نے تحریر کیا ہے سیریل کی آخری قسط ناظرین کی خدمت میں پیش کردی گئی ہے اور یوں سیزن ون اختتام پذیر ہوگیا ہے اور ڈرامے کے پروڈیوسر جمال ترین نے سیزن ٹو کی بھرپور تیاریوں کا آغاز بھی کردیا ہے آخری قسط جسے بہترین میگا قسط کہا جائے تو غلط نہ ہوگا یہ قسط 60 منٹ دورانیہ پر مشتمل تھی

جب کہ اس سے قبل 14 اقساط کی ہر قسط45 منٹ دورانیہ پرمشتمل تھی اگر اس سیریل کے پس منظر میں جائیں تویہ تین ماہ میں مکمل ہوئی ہے اس کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ صوبے میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو یکجا کیا گیا تھا یہی وجہ تھی کہ اُردو، پشتو ، بلوچی ، براہوئی ، سندھی ، سرائیکی ، ہندکو ،فارسی بولنے والے تمام ناظرین بڑے شوق سے اسے دیکھتے تھے ا س سیریل کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر محمد ایوب بابئی تھے اہم کرداروں میں حبیب پانیزئی، شائستہ صنم، مسکان ملک، دردانہ بلوچ،تانیہ خان، شاہین علیزئی، رابعہ نذیر، علیم مینگل، آصف جہانگیر، عبداللہ اچکزئی، فاروق سائل،

فرازمری ، عبدالباقی درویش،خالد حسین، بجارخان مری ، حمل شاد،سیلم لانگو ،محمد رمضان کیتھران ، سلیم بلوچ ، غلام علی، قادربخش ،نذیررند، اللہ نور، محمد افضل، طاہر بلوچ ،چائلڈ اسٹارشادی خان اورکومل خان شامل تھے محمد رمضان کیتھران اسپاٹ بوائے کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے صوبے کے تمام طبقہ فکر کے افراد نے خاص دلچسپی لی اس سریل کو ایک کامیاب آئیڈیے کے طور پر دیکھا گیا جوکہ بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایک نئی کوشش رہی اپنی نوعیت کے اس نئے آئیڈیے میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقے کے مسائل کو بھی اُجاگر کیا گیا

اورطنزو مزاح کے ذریعے معاشرے میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کی گئی پی ٹی وی کے ایسے فنکار جو طویل عرصہ سے فیلڈ کو خیر باد کہہ گئے تھے اُنہیں بھی دوبارہ اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا بھر پور موقع دیا گیاٹی وی، اسٹیج ، ریڈیو کے فنکاروں کی بڑی تعداد نے پی ٹی وی کوئٹہ کے اسٹوڈیوز میں طویل عرصہ بعد اپنے فن کا مطاہرہ کیا محدود وسائل کے باوجود بھی پی ٹی وی کوئٹہ کے اسٹوڈیوز کی رونقیں بحال رکھنا بلاشبہ جنرل منیجر محمد ایوب بابئی ، پروگرام منیجر فہیم شاہ ، سینئر پلاننگ آفیسر منیر حسین اور پی ٹی وی انتظامیہ کی بہترین کوشش ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہاہے

اس سیریل کی تمام اقساط کی ایڈیٹنگ شہریار خان یوسفزئی نے مکمل کی ناصر ولیم شہزاد احمدلہڑی کامران عزیز شاہد لانگو محمد سلیم شیر خان ساسولی فضل احمد لہڑی علی احمدشاہوانی جمیل احمد کاکڑمحمد وارث مینگل نے ان ڈور اور آوٹ ڈور خوبصورت مناظر، فریم ورک اور لائٹنگ جب کہ اسحاق لہڑی کے خوبصورت و دیدہ زیب سیٹ ،آڈیو انجنیئر داد محمد جتک محمد ریاض بوم آپریٹر سلطان محمود محمد یوسف کرد محمد یاسین غلام مرتضیٰ اور فداحسین حیدری کی جانب سے ان ڈوراسٹوڈیو کی بہترین سہولیات کی

فراہمی اور میک اپ آرٹسٹ فیصل عمران ،ناصر جہانگیر اور جمیلہ کی شاندار فنی خدمات بھی اس ڈرامہ سیریل کی کامیابی میں نمایاں رہیں ڈھیروں یادیں سمیٹتی ہوئی اس سیریل کا سیزن ون اپنے اختتام کو پہنچا اور پی ٹی وی بولان کے ناظرین کے لیے اسی سلسلہ میں ایک خوشخبری یہ بھی ہے کہ جمال ترین نے دنیا بندی خانہ سیزن ٹو کی تیاریاںبھی شروع کردی ہے اور خاص بات یہ ہے کہ سیزن ٹو ایک خوفناک (ہارر) سیریل ہوگی جو یقینا ناظرین کو بہت پسند آئے گی اس سیریل کی اسکرپٹنگ ، کاسٹنگ سمیت دیگر امور پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور فنکاروں کی نامزدگی بھی کی جارہی ہے ۔
اعجاز احمد بلوچ براہوئی سنگل پلے زیبل کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں گزشتہ روز اس ڈرامے کی ریہرسل بھی جاری رہی منیراحمدشاہوانی کے تحریر کردہ اس ڈرامے کے ایگزیکٹیو پروڈیوسرفہیم شاہ ہوں گے ڈرامے کی ریکارڈنگ کا آغاز ماہ رواں میں متوقع ہے مرکزی کرداروں میں تانیہ خان ، طاہرہ بلوچ ، کہکشاں خان ، بشیر نادان ، علی سمالانی ،نواز سائل،انورشاہ ، بلال زہری اور سینئر اداکار منظور شاہوانی شامل ہوں گے اس ڈرامے میں بشیر نادان جوکہ اسٹیج کے حوالے سے جانے پہچانے فنکار ہیں

مرکزی کردار اداکریں گے وہ پی ٹی وی بولان کے کسی ڈرامے میں پہلی مرتبہ مرکزی کردار ادا کرہے ہیں اس ڈرامے کی کہانی ایک دیہاتی لڑکی کے گرد گھومتی ہے کہانی میں معاشرے کے بگڑے ہوئے نوجوانوں کی اصلاح اور خواتین کے حقوق پر بہت شاندار انداز میں قلم کشائی کی گئی ہے ڈرامے میں معاشرے کے غریب طبقات کے طرز زندگی اور خواتین کودرپیش معاشرتی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے چوری ڈاکہ زنی اور دیگر معاشرتی برائیوں پر خوبصورت انداز میں اسکرپٹ تحریر کیا گیا ہے، اعجاز احمد بلوچ کی ڈائریکشن میں ریکارڈ کئے گئے 4 براہوئی میوزیکل پروگرام زیمل جس کے دو بھرپور پروگرامز آن ائیر کئے جاچکے ہیں

اور مزید دو پروگرامز عنقریب آن ائیر ہوں گے صوبے کے مشہور و معروف موسیقار تاج محمد تاجل کی کمپوزنگ میں تیار کئے گئے زیمل پروگرام کی کمپیئرنگ طاہرہ بلوچ نے کی ہے جسے ناظرین نے بہت سراہاہے ،پی ٹی وی کوئٹہ کے سینئر پروڈیوسر جاوید شاہ سے گزشتہ روز اُن کے آفس میں ملاقات ہوئی یہ ہماری پہلی ملاقات تھی بلاشبہ وہ بہت ملنسار اور شفیق انسان ہیں جاوید شاہ ان دنوں حلیم مینگل کا تحریر کردہ 13 اقساط پرمشتمل بلوچی ڈرامہ سیریل صباء کی ابتدائی ریکارڈنگ اور ریہرسل میں مصروف دکھائی دئیے

اُنہوں نے بتا یا کہ ملک کے نامور ٹی وی اور فلم ا داکار ایوب کھوسہ 33 سال بعد پی ٹی وی کوئٹہ کے کسی لوکل ڈرامے میں جلوگر ہورہے ہیںبلاشبہ ایوب کھوسو کی شاندار اداکاری کاہر شخص معترف ہے اس سیریل میں شائستہ صنم ، جاوید جمال ، گل احمد گل ، یوسف رودینی ،صداقت بٹ، زینت ثناء بھی شامل ہیں سیریل کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی اُبھرتی ہوئی ادکارہ دیپ خان ، ذاکرہ بلوچ، عاصمہ بلوچ ، ماریا بلوچ بھی کاسٹ میں شامل ہیں جاوید شاہ نے بتا یا

کہ سیریل اکتوبرتک ناظرین کے لیے پیش کردی جائے گی اس سیریل کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گردکھومتی ہے جو بن ماں کے جوان ہوئی ہے یہ لڑکی معاشرتی ناانصافیوں سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی ماں کی تلاش میں نکل پڑتی ہے مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ اُس نے اپنی ماں کودیکھا بھی نہیں ہوتا وہ معاشرے کے بے رحم افراد کی بے رحم نظروں سے بچتے بچاتے اپنی ماں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے

اور ایک ایسے گھر تک جاپہنچتی ہے جو اُس کا اپنا ہے مگر وہ وہاں نوکرانی کی حیثیت سے رہ رہی ہے ، اس سیریل میں معاشرتی خامیوں ، خواتین کو درپیش چیلنجز ، مسلسل جدوجہد اور عزت کے دائرے میں رہ کر اپنے مقصد کو حاصل کرنے جسے موضوعات پر شاندار انداز میں بات کی گئی ہے۔
قارئین جاوید شاہ ہی کی ڈائریکشن میں پی ٹی وی بولان کی تاریخ میں پہلی بار براہوئی ہارر ٹیلی فلم تلاش پیش کی جارہی ہے اس ٹیلی فلم کو حلیم مینگل نے تحریر کیا ہے 90 منٹ کی یہ فلم کاووبوائے طرز پر تیار کی گئی ہے

آپ کو یاد ہوگا جب 1960-70 کی دہائی میں بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن کا دور تھااس دورمیںہالی ووڈ کاووبوائے فلمیں بڑی سینما اسکرین کے لیے تیار کرتا تھااِن فلموں کو پی ٹی وی بھی اپنے ناظرین کے لیے چھوٹی پر پیش کرتا تھاجسے ناظرین بڑے شوق سے دیکھا کرتے تھے ان کی خاص بات یہ ہوتی تھی کہ آوٹ ڈور اور سنگلاخ پہاڑی لوکیشنز پر شوٹ کی جاتی تھیں گھوڑوں پر سوار مختلف کردار اپنی بقاء کی جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے ہمدردی ، مدد اورخزانوں کی تلاش میں پیش آنے والے کٹھن مراحل کو بڑے خوبصورت انداز میں فلمایا جاتاتھاان فلموں میں ایڈونچر، ایکشن ،

سسپنس اور طلسماتی قوتوں کے خوفناک مناظر بھی بڑی مہارت شوٹ کئے جاتے تھے ایسی فلموںکے مخصوص میوزیکل ٹریکس آج بھی وجہ شہرت ہیں اسی آئیڈیے کو لیکر حلیم مینگل نے بھی ایڈونچر، سسپنس ، ایکشن اور خوف سے بھر پور کاووبوائے اسٹائل ٹیلی فلم کا اسکرپٹ لکھ ڈالا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ پی ٹی وی بولان براہوئی زبان میںہارر ٹیلی فلم پیش کی جائے گی جس سے ناظرین بہت محظوظ ہوں گے

پی ٹی وی بولان کے لوکل ڈراموں میں نئے اور دلچسپی سے بھر پور آئیڈیاز پر جاری کام بہت خوش آئند ہے جسے ناظرین بہت پسند کررہے ہیں اور جاوید شاہ کی یہ کوشش بھی ایک کامیاب آئیڈیا ثابت ہوگی فلم میں صوبے کے مشہوراداکار فراز مری ، منظور صابر ،بابر سمالانی اور کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار تقی احمد کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے اُنہوں نے بھی دیگر فنکاروں کی طرح اپنا کردار بہت خوب نبھایا ہے

اس ٹیلی فلم کی نصف ریکارڈنگ مکمل ہوچکی ہے جب کہ بقیہ ریکارڈنگ عنقریب مکمل ہوجائے گی فلم کا پرومو پی ٹی وی بولان پر جاری کردیا گیا ہے جسے دیکھ کر بخوبی یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی پروڈکشن پر کتنی محنت سے کام کیا گیا ہے یہ فلم بھی ناظرین کے لیے اکتوبر میں آن ایئر کی جائے گی اور یقینا اس کا پرومو دیکھ کر مجھے بھی شدت سے انتظار رہے گا۔قارئین تادم تحریر سینئر پروڈیوسر لیاقت بادینی ظفر معراج کا تحریر کردہ ڈرامہ سیریل بخت کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں

جب کہ میر احمد کاکٹر پی ٹی وی بولان کے لائیو پروگرامز کو ترتیب دینے میں شب و روز کوشاں ہیں اُن کی پروڈکشن میں آن ائیرہورہے لائیو پروگرامز میں ناظرین کی شمولیت دیکھنے کو ملی ہے ان پروگرامز میں ناظرین کی لائیو کالز سے اُن کی توجہ اور دلچسپی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ،سینئر پروڈیوسر گل شاہ بخاری کی بات کی جائے تو اُن کی تیار کی جارہی پروڈکشن میں جہاں صوبے کی مقامی زبانوں کے ڈرامے اور پروگرامز شامل ہیں وہاں اُردو کو ایک منفرد انداز میں دیکھا جارہا ہے

ماضی قریب میں موبائل جن اور مانی اینڈ کمپنی جیسے مشہور ڈرامہ سیریل پیش کئے جوکہ قومی سطح پر بہت پسند کئے گئے ہیں گل شاہ بخاری ان دنوں ریاض ساگر کے لکھے ہوئے ایک نئے آئیڈیے پر کام کررہے ہیں جو یقینا بہت دلچسپ ہوگا سینئر پروڈیوسر شمس اللہ کاکڑ، جواد علی ہزارہ ، سید ذیشان بخاری محرم الحرام کی مناسبت سے نعت خوانی ، نوحہ خوانی اور دیگر اسلامی پروگرامز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں