139

اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ و ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جولین ہارنیز کی سربراہی میں یو این مشن کے چار رکنی وفد کی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری، مکلی میں اجلاس منعقد کیا گیا

اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ و ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جولین ہارنیز کی سربراہی میں یو این مشن کے چار رکنی وفد کی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری، مکلی میں اجلاس منعقد کیا گیا

ٹھٹھہ نمائندہ
اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ و ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جولین ہارنیز کی سربراہی میں یو این پی پی ٹی چیئر و سربراہ صوبائی دفتر یو این ورلڈ فوڈ پروگرام ڈاکٹر آفتاب احمد بھٹی، اقوام متحدہ سندھ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیشن آفیسر عمران خان لغاری اور سیکیورٹی فوکل پرسن یو این ڈبلیو ایف پی سندھ عامر بخاری پر مشتمل چار رکنی

وفد کی جانب سے ضلع ٹھٹہ کے لوگوں کی صورتحال کے بارے میں معلومات اور اقوام متحدہ کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا مشاہدہ کرنے کے متعلق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری سے دربار ہال مکلی میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے وفد کو ضلع ٹھٹھہ کی تاریخ، ثقافت، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت و دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹھٹھہ سندھ کا قدیم،

پرامن اور سندھ کی تختگاہ تھا جبکہ ماضی میں علم و ادب کا مرکز بھی رہا ہے جبکہ اسلام کی ابتدا بھی یہاں سے ہونے کے باعث باب الاسلام کا لقب بھی حاصل ہے جبکہ ماضی میں یہاں کے ساحلی علاقے کیٹی بندر، شاہ بندر اور دیبل جیسی بندر گاہیں کاروباری مراکز کے لحاظ سے اہمیت کے حامل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں تاریخی مغل دور کی شاہجہان مسجد، دبگیر مسجد، سونڈا قبرستان، بھمبھور، کینجھر و ہالیجی جھیل اور مکلی قبرستان جیسے عالمی ثقافتی ورثہ تاریخ کے انمول اور حیرت انگیز و دلچسپ مقامات موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر غصنفر علی قادری نے کہا کہ ٹھٹھہ عظیم بزرگ ہستیوں کا شہر ہے جہاں کئی مشہور و معروف شخصیتوں کے تاریخی مقبرے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے وفد کو ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے متعلق آگہی دیتے ہوئے بتایا

کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود اور صحت کی سہولیات اور تعلیم کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس ضمن میں سندھ حکومت کی منظوری سے یہاں آئی بی اے اور سندھ یونیورسٹی کیمپس جیسے ادارے بھی قائم کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ٹھٹھہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے یہاں قیمتی پتھر، پیٹرول اور گیس و دیگر معدنیات بھی دریافت ہوتی ہیں

جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا ونڈ کوریڈور بھی اسی ہی ضلع میں ہے جوکہ 40 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کرکے قومی گرڈ اسٹیشن کو فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جولین ہارنیز نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں باالخصوص صحت اور تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں تاکہ یہاں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی

سمیت بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع میسر کرکے شرح خواندگی میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں قائم زبون حال اسکولوں اور صحت مراکز کی مرمت، تزئین و آرائش، سولر سسٹم و دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کیا جائے گا تاکہ یہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے وفد کو اسکولوں میں

فرنیچر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں آر او پلانٹس کی فراہمی کے متعلق درخواست کی جس پر وفد کے سربراہ جولین ہارنیز نے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر نے وفد کو سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک کے تحائف بھی پیش کئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں