مستونگ: انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 20 افراد جاں بحق 130

مستونگ: انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 20 افراد جاں بحق

مستونگ: انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 20 افراد جاں بحق

مستونگ: انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 20 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے واقعے میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے بھائی سراج رئیسانی کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق سراج رئیسانی کو زخمی حالت میں علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

دوسری جانب مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو واپس طلب کرلیا گیا ہے۔

ترجمان سول اسپتال کوئٹہ کے مطابق مستونگ دھماکے کے 11 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

نواب زادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے جب کہ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی تھے۔

یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں بھی ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی انتخابی مہم کو بھی نشانہ بنایا گیا اور جلسے کے بعد ان کے قافلے کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور بھی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔

نوٹ: یہ ایک بریکنگ نیوز ہے جس میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں