126

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

کراچی: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش شکست دینے کے بعد گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی مستحکم کرلی۔

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم برقرار ہے اور اسے آسٹریلیا کے مقابلے میں 4 ریٹنگ پوائنٹس کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان 126 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا 126 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن محمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

آندرے فلیچر 52 اور دنیش رام دین 42 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو جبکہ محمد نواز، عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 27 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ پر 61 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، 61 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 17 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 113 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد حسین طلعت اور آصف علی نے پاکستان کو مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔

پاکستان نے 154 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، حسین طلعت 31 اور آصف علی 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، فاسٹ بولر محمد عامر اور حسن علی کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

سیریز گرین شرٹس نے 0-3 سے جیت لی ہے، اگر پاکستان ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش نہ کرتا تو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی پہلی پوزیشن گنوا دیتا اور آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم بن جاتی۔

سیریز کے ابتدائی دو میچز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بالتریب 143 اور 82 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

کراچی میں 9 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ساتھ کراچی میں 9 سال کے طویل انتظار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ 21 سے 25 فروری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)، آخری ون ڈے 21 جنوری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 20 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں