80

اگلی باری خواجہ آصف کے جیل جانے کی ہے، عمران خان

گوجرانوالہ/ وزیرآباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگلی باری خواجہ آصف کے جیل جانے کی ہے۔

گوجرانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اگر کوئی وزیراعظم یا وزیر ہے اور اس کی جائیداد پکڑی جائے تو اس کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ جواب دے لیکن پاناما لیکس میں جائیداد کے باوجود نواز شریف نے کہا کہ ان کے نام پر یہاں کچھ نہیں ہے مگر جائیداد نکلنے کے بعد ان کے پاس جھوٹے قطری خط کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے میاں کا ایک ہی مقصد رہا ہے کہ پیسہ بنایا جائے اور ملک سے باہر بھیجا جائے، ملک کے بڑے بڑے منی لانڈلر میں آصف زرداری بھی ملوث ہے، ان سب کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا منشور بتاتا ہے کہ اس کا بجٹ کیا ہے، موجودہ حکومت کے پاس 45 دن رہ گئے ہیں تو یہ کیسے ایک سال کا بجٹ بنا سکتے ہیں، اگست ،ستمبر میں نئی حکومت اپنا منشور لے کر آئے گی تو بجٹ ان کا اور منشور کسی اورکا، یہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے کسانوں کا بیڑا غرق کردیا جب کہ سندھ میں گنے کے کاشتکار بھی رو رہے ہیں، ہم لاہور کے جلسے میں اپنے 100 دن کا پلان دیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین نے فیصلہ قبول کیا ہے، ان کی اپیل فی الحال سپریم کورٹ نے سننی ہے۔

عمران خان نے کہا اگلی باری خواجہ آصف کے جیل جانے کی ہے۔

وزیر آباد میں کارکنوں سے خطاب 

بعد ازاں وزیر آباد میں کارکنوں سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 30 سال سے چھوٹے میاں اور بڑے میاں پیسہ چوری کرکے باہر لے جارہے ہیں اور پھر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں اداروں کو حدود میں کام کرنا چاہیے لیکن آپ نے ادارے تباہ کردیئے، اگر سپریم کورٹ یہ فیصلہ نہ کرے تو تمہیں قوم کا خون چوسنے سے کون روکے گا، سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں، اعلیٰ عدلیہ نے وہ کام کیا جو اس کورٹ نے کبھی نہیں کیا، ماضی میں سپریم کورٹ ہمیشہ طاقتور کے ساتھ رہی، پہلی مرتبہ سپریم کورٹ نے طاقتور کے خلاف فیصلہ دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کیوں ہورہی ہے کیونکہ بڑا ڈاکو آرہا ہے، چھوٹے میاں بڑے میاں کی جیل میں تیاری کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نیا دور شروع ہونے والا ہے، سب مطمئن ہوجائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں