کراچی کے بجلی بحران میں قصور کے الیکٹرک کا ہے، شہباز شریف 146

کراچی کے بجلی بحران میں قصور کے الیکٹرک کا ہے، شہباز شریف

کراچی کے بجلی بحران میں قصور کے الیکٹرک کا ہے، شہباز شریف

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر  اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا۔

شہباز شریف 2 روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ 

لیاری میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگلے انتخابات میں موقع ملا تو کراچی کو نیویارک بنادیں گے اور ایک میٹرو نہیں کئی میٹرو لائيں گے،  اورنج لائن  اور بلیو لائن سب لائيں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس اور بنی گالہ ہم نوالہ و ہم پیالہ ہیں، عوام ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور جاتا ہوں تو تحریک انصاف اور سندھ جاتا ہوں تو پیپلز پارٹی ناراض ہوجاتی ہے، آئينہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کی یہی حالت رہی تو پاکستان کی حالت نہیں بدلے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عزم کیا کہ کراچی میں امن لاؤں گا اور امن لوٹ آیا اور رینجرز کو ذمے داری دی گئی انہوں نے محنت سے کام کیا۔

شہباز شریف کی ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنماؤں سے ملاقات 

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (بہادر آباد) کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال اور شہر کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے کیوں کہ 2 پلانٹ طویل عرصے سے بند رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2011 میں سی سی آئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ کے الیکٹرک دو پلانٹ چلائے گی جس سے شہر کو 500 میگا واٹ بجلی ملے گی لیکن کے الیکٹرک واپڈا سے سستی بجلی لیتی رہی تاکہ خود بجلی نہ بنانا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو پلانٹس چلانے کا پابند بنانا ہے جب کہ کل وزیراعظم خود یہاں آئیں گے، رمضان المبارک میں شہر کو بلا تاخیر بجلی ملنی چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی گیٹ وے آف پاکستان ہے، عروس البلاد شہر پر کھربوں روپے لگے وہ کہاں گئے؟ 

انہوں نے کہا کہ 2013 میں نوازشریف نے فیصلہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں، رینجرز نے آزادی سے آپریشن کیا جس سے آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے اور 80 فیصد بھتا خوری ختم ہوگئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات صرف فوٹو سیشن نہیں تھا بلکہ ہم نے شہر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور اپنے دکھ بیان کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شہری علاقوں کے ساتھ جو کیا ہے سب کے سامنے ہے جب کہ ہم نے ملاقات میں یہ بھی بتایا کہ اس شہر کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ڈھائی سے 3 کروڑ آبادی والے شہر کی آبادی کو دانستہ طور پر مردم شماری میں کم دکھایا گیا ہے۔ 

اس سے قبل شہباز شریف ایم کیو ایم (بہادر آباد) کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بہادر آباد پہنچے تو کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں  اور خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں