109

گجرات میں ایک لڑکی کے شوہر ہونے کے تین دعویدار

گجرات کے رہائشی 3 افراد کے ساتھ فلمی سین ہو گیا، ایک ہی حسینہ نے وقفے وقفے سے ان کے ساتھ مبینہ طور پر بیاہ رچایا، ان کے گھروں سے قیمتی سامان اور لاکھوں روپے سمیٹے اور چلتی بنی، شوہر ہونے کے تینوں دعویدار لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے جن کا کہنا ہے کہ بیوی اب چوتھے شوہر کے ساتھ رہ رہی ہے۔

گجرات کے رہائشی خالد، صابر اور عاطف تینوں ایک ہی منزل کے راہی، کہتے ہیں انہوں نےبڑے چاؤ کے ساتھ شادی کی تھی تاہم اب اپنی منکوحہ کو ڈھونڈتے پھِر رہے ہیں۔

مذکورہ لڑکی کے شوہر ہونے کے تینوں دعویدارلاہور ہائیکورٹ پہنچے جہاں پہلے دعوے دار خالد نے بتایا کہ مصباح نامی لڑکی نے اس کے ساتھ شادی کی، 3 دن ساتھ رہی، پھر زیور سمیٹا اور نو دو گیارہ ہوگئی۔

دوسرے دعویدار صابر کی دکھی داستان بھی اسی طرح کی ہے، کہتے ہیں کہ مصباح رانی سے بیاہ رچایا،مگر وہ 6 لاکھ روپے سمیٹ کر چلتی بنی۔

شوہر ہونے کے تیسرے دعویدار کا نام عاطف ہے جس کا کہنا ہے کہ مصباح سے شادی کی مگرچند روز بعد وہ جمع پونجی اور بھاری مالیت کے زیورات لے کر رفو چکر ہوگئی۔

اب یہ تینوں نہ صرف اپنی دلہن کی تلاش میں سرگرداں ہیں بلکہ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ لڑکی نے اب چوتھی شادی رچالی ہے۔

صابر کےمطابق اس نے اپنی بیوی کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا رکھا ہے، تینوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو لڑکی اور اس کے گروہ کے ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے اور ان کے زیورات اور نقدی برآمد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں