98

ایم کیو ایم پاکستان کا ایک اور ایم این اے پی ایس پی میں شامل

ایم کیو ایم پاکستان کے ایک اور رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئے۔

کراچی میں پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے این اے 253 سے رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزمل قریشی کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سے کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہا ہوں اور اپنے حلقے کے لوگوں سے مشاورت کے بعد پی ایس پی میں شامل ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد نئی امید کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کی، امید تھی کہ اچھی ایم کیو ایم بن جائے گی لیکن 5 فروری کے بعد بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ بن گئے۔

مزمل قریشی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی نے غلط طریقے سے نکالا، دل اس بات پر دکھا کہ دونوں گروپ ایک نہ ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم رہنما خواتین کے لیے شرمناک الفاظ استعمال کرتے ہیں جب کہ فاروق ستار بہادر آباد گئے مگر انہیں عزت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ناراض کارکن گھر نہ بیٹھیں، پی ایس پی میں آ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بکنے والے نہیں، پی ایس پی کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور عوامی مسائل کے حل کی سیاست کریں گے۔

اس موقع پر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار اور خالد مقبول کو دوبارہ پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔

انہوں نے کے الیکٹرک کو بھی نتقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرے ورنہ احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے حوالے سے بھی تحفظات ہیں، شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات ختم کی جائیں۔

پی ایس پی رہنما نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں