121

آرمی چیف سیدھی بات کرتے ہیں ان کے کام کی تعظیم کرنی چاہیے: شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف سیدھی بات کرتے ہیں ان کے کام کی تعظیم کرنی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، موقع ملا تو سندھ اور خیبرپختونخوا میں اسپتالوں کی بہتری کے لیے بھی کام کریں گے، دونوں صوبوں کو پنجاب کے ہم پلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں علاج کے حوالے سے ہر ممکن سہولت دستیاب ہے، پنجاب میں عام اور خاص مریضوں کے لیے ادویات کی فراہمی یقینی بنادی ہے، پنجاب کے کسی بھی اسپتال میں ادویات کی کمی نہیں، میرا علاج بیرون ملک شروع ہوا تھا اس لیے مجھے جاناپڑتا ہے۔

باجوہ ڈاکٹرائن کا تذکرہ

ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ باجوہ ڈاکٹرائن کے بارے میں بہت کچھ لکھا جاچکا ہے، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ پیشہ ور سپہ سالار ہیں، ان سے ملاقات کی، وہ سیدھی بات کرتے ہیں اور وہ جو کام کررہے ہیں اس کی تعظیم کرنی چاہیے۔

آج کل نیب بہت ایکٹو ہے، میں نیب میں پیش ہو چکا ہوں: شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھاکہ آج کل نیب بہت ایکٹو ہے، میں نیب میں پیش ہو چکا ہوں، اختلاف یہ ہے کہ نیب کرپشن کےثابت شدہ کیسز پر بھی کام کرے، میری پارٹی ہی کیوں نہ ہو، اگر بدعنوانی ہےتو اسے سامنے لایاجائے، اگرملک میں شفاف احتساب کا نظام آگے بڑھانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔

اورنج لائن منصوبے پر بات

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں کرپشن کا رونا دھونا اس قوم کو غلط راہ پر لے جانے کی کوشش ہے، اورنج لائن بدقسمتی سے 22 مہینے تاخیر کا شکار ہوئی، اس کی تاخیر کی وجہ پی ٹی آئی کا عدالت میں جانا تھا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے 300 صفحات کے فیصلے میں ایک لائن کرپشن کےحوالے سے نہیں، اورنج لائن پر پی ٹی آئی کے اب کرپشن کے الزامات تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے، اورنج لائن ٹرین کے منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے میں پی ٹی آئی پیش پیش تھی، پی ٹی آئی نے اس لیے رکاوٹیں ڈالیں کہ شہری سہولتوں سے فیض یاب نہ ہوں۔

چوہدری نثار سے ملاقات کوئی خبر نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

چوہدری نثار سے ملاقات کے سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے اس میں خبروالی کوئی بات نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے الیکشن وقت پر اور صاف شفاف ہوں، ہمیں جھوٹ اور الزامات کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے، بدقسمتی سےپی ٹی آئی نےہڑتالوں اوردھرنوں کا کلچر پیداکردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں