120

عدلیہ اپنا کام کرے، سیاستدانوں کو اپنا کام کرنے دیں: بلاول بھٹو

حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ادارے دوسرے اداروں کا کام کریں تو کمزور ہوتے ہیں، عدلیہ اپنا کام کرے اور سیاستدانوں کو اپنا کام کرنے دیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جوڈیشل ایکٹیوازم کم ہونی چاہیئے، اگر ادارے دوسرے اداروں کا کام کریں تو کمزور ہوتے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اداروں کو کمزور کیا ہے، اگر سیاستدان ناکام ہیں تو عوام ووٹ کے ذریعہ نکال سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان واپس لینا چاہیئے، آئی ایس پی آر نے وضاحت کردی ہے کہ باجوہ ڈاکٹرائن سکیورٹی کے حوالے سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ضیاءالحق کے اوپننگ بیٹسمین کو چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنا امیدوار بنایا جو اچھا نہیں تھا اس لئے اسے ووٹ نہیں دیا گیا جب کہ وزیراعظم جانتے ہیں کہ ان کے قریبی لوگوں نے بھی سینیٹ امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نوازشریف نہ کل نظریاتی تھے، نہ آج ہیں اور نہ کل نظریاتی ہوں گے، مک میں نظریاتی سیاست کے لئے جگہ کم ہوتی جارہی ہے اور پیپلز پارٹی معاشی اسٹیٹس کو کے نظام کے خلاف کام کررہی ہے۔

بلاول بھٹو کا ایسٹر کی تقریب سے خطاب

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے خاتون وزیراعظم دی اور پیپلز پارٹی وہ پاکستان چاہتی ہے جہاں برابری کی بنیاد پر سب کو مواقع ملیں، 2018 میں اقتدار میں آئے تو ہر ضلع میں معیاری اور مفت اسپتال کھولیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام مسائل کاحل چاہتی ہے کسی کو کیوں نکالا یہ جاننا نہیں چاہتی، پی پی پی وہ جماعت ہےجو دہشت گردی اور انتہاپسندی کاخاتمہ چاہتی ہے اور ہم ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور عوام کا پاکستان بنائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں