مسلم 365 — مسلمانوں کی 'آن لائن مددگار' 108

مسلم 365 — مسلمانوں کی ‘آن لائن مددگار’

سوشل میڈیا کے اس دور میں صارفین کی آسانی اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکڑوں ایپس دستیاب ہیں، ایسے میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ‘مسلم 365’ کے نام سے ایک ایسی ایپ متعارف کروائی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد مسلم امہ کو جوڑنا اور انہیں متحد کرنا ہے۔

صدقہ جاریہ کے طور پر شروع کی گئی ‘مسلم 365’ ایک مکمل اسلامک ایپلیکیشن ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنی ‘ایمڈ ٹیک’ (Amid Tech) کی ڈیزائن کردہ یہ ایپ گذشتہ برس دسمبر میں لانچ ہوئی تھی۔

اس ایپ کے چند اہم فیچرز کچھ یہ ہیں۔

جماعت ٹائمنگز

ویسے تو انٹرنیٹ پر کئی اسلامک ایپس دستیاب ہیں، لیکن یہ ایپ خاص طور پر اس لحاظ سے منفرد اور اپنی نوعیت کی پہلی ایپ ہے کہ یہ مساجد میں جماعت کے اوقات کار بھی بتاتی ہے اور اس کے استعمال سے کوئی بھی شخص باجماعت نماز سے محروم نہیں رہ سکے گا۔

اسکرین گریب—۔

عموماً تمام اسلامک ایپس صارفین کی لوکیشن کے لحاظ سے اذان کے اوقات کار بتاتی ہیں، لیکن مسلم 365 کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کلاؤڈ سورس کے ذریعے پوری دنیا کی مساجد کی جماعت ٹائمنگز بھی دیتی ہے۔

اس ایپ میں صارفین اپنی مطلوبہ مسجد کا انتخاب کرکے جماعت کی ٹائمنگز اَپ ڈیٹ کر سکتے ہیں، جس سے اس علاقے میں یا اس مسجد میں نماز پڑھنے والے افراد بھی باخبر رہ سکیں گے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کسی مقام پر جماعت کی ٹائمنگز اَپ ڈیٹ نہیں کی گئیں تو اس ایپ کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس انجن خود سے جماعت کا ٹائم مقرر کردے گا، جو اس علاقے اور مختلف مکاتب فکر (حنفی، شافعی)، ڈے لائٹ سیونگز اور کیلکولیشن کے دیگر طریقوں کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا جائے گا۔    

مساجد کی تلاش

اس ایپ کی مدد سے صارفین دنیا میں کہیں بھی کسی بھی مقام پر مساجد کو تلاش کر سکتے ہیں خصوصا سفرکے دوران اس ایپ کی مدد سے مطلوبہ مسجد کی تلاش میں بہت آسانی ہوتی ہے۔ یہ ایپ صارفین کو ان کی لوکیشن کے قریب واقع مساجد اور فاصلے کے بارے میں میپ کی مدد سے بالکل درست نتائج فراہم کرتی ہے۔

اسکرین گریب—۔

تسبیحات کی عالمی زنجیر

یہ ایک ایسا منفرد فیچر ہے جس کی مدد سے کوئی بھی فرد کسی بھی خاص مقصد کے لیے تسبیح کا ورد شروع کرسکتا ہے اور اسے ایک زنجیر (Chain) کی صورت میں آگے بڑھا سکتا ہے تاکہ دیگر لوگ بھی ذکر و تسبیح کی اس زنجیر کا حصہ بن سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ذاتی طور پر تسبیح پڑھنے کے لیے کاؤنٹر بھی اس ایپ میں فراہم کیا گیا ہے۔

اکیڈمی 365

مسلم 365 میں ہزاروں مصدقہ احادیث، سنت کے طریقوں پر مشتمل ڈیٹا بیس اور مضامین بھی موجود ہیں، جن سے کوئی بھی استفادہ کرسکتا ہے۔

دیگر روایتی فیچرز

اسکرین گریب—۔

ایپ کے دیگر روایتی فیچرز میں 50 سے زائد زبانوں میں قرآن پاک کی آیت بہ آیت ترجمہ، تلاوت، مکہ اور مدینہ سے لائیو اسٹریمنگ، روزانہ کی دعائیں، اللہ کے ننانوے نام، قبلے کی سمت کا تعین اور زکوة کیلکولیٹر بھی شامل ہیں۔

اشتہارات سے پاک

اس ایپ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ اشتہارات سے بالکل پاک اور مکمل طور پر مفت ہے اور صارفین بغیر کسی کوفت کے اس کا استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ اس طرح کی دیگر ایپس میں مخصوص فیچرز مفت دستیاب ہوتے ہیں، جبکہ پریمیئر فیچرز کے لیے صارفین کو پیسے ادا کرنے پڑتے ہیں۔

ایپ میں آئندہ کیا دیکھنے کو ملے گا؟

ایپ بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ مسلم 365 کو مستقل بنیادوں پر نئے فیچرز کے ساتھ اَپ ڈیٹ کیا جاتا رہتا ہے۔

کمپنی کے کونٹینٹ اسپیشلسٹ مبشر احمد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ‘اس ایپ کی اَپ گریڈیشن کا کام جاری ہے اور آئندہ چند دنوں میں صارفین اسے ایک بالکل نئے ڈیزائن میں دیکھیں گے’۔

مبشر احمد کے مطابق ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر صارفین کی سہولت کے لیے اس ایپ میں سحر و افطار کے اوقات کار اور دیگر فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔

دوسری جانب مختلف مکاتب فکر کے علماء کے پیجز بنانے پر بھی کام جاری ہے، جہاں صارفین ان علماء کے ویڈیو بیانات دیکھ اور سن سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایپ کو اگر مسلمانوں کے لیے ایک ‘آن لائن اسسٹنٹ’ کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

اس ایپ کے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ مسلم امہ، نسل، فاصلوں، ملکوں یا سیاسی طور پر تو منقسم ہوسکتی ہے لیکن یہ ایپ انہیں یکجا ہونے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں