43

وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب: پی ٹی آئی، ن لیگ، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیے

وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب: پی ٹی آئی، ن لیگ، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیے

وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب: پی ٹی آئی، ن لیگ، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ 

جیو نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت اب ختم ہوگیا ہے اور  تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔ 

تحریک انصاف کی جانب سے سہیل آفریدی، ن لیگ کی جانب سے سردار شاہ جہاں یوسف، جے یو آئی (ف) سے مولانا لطف الرحمان جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے  ارباب زرک نے  کاغذات جمع کرائے ہیں۔ 

تمام امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی کے پاس جمع کرائےگئے ہیں۔ 

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے اور اس حوالے سے ترجمان اے این پی انجینئراحسان اللہ نے کہا کہ کل اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ کےانتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔

انجینئراحسان اللہ نے کہا اے این پی کسی ہارس ٹریڈنگ کا حصہ نہیں بنے گی تاہم ہماری پارٹی  پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کےحق میں بھی نہیں ہے۔ 

وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نا ہونے کا تنازع

دوسری جانب گورنر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کیے بغیر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر اپوزیشن جماعتوں نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ 

اس حوالے سے جے یو آئی ف کے پارلیمانی لیڈر اور وزیراعلیٰ کے امیدوار مولانا لطف الرحمان نے کہا کہ گورنر نے استعفیٰ منظور نہیں کیا اس لیے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل غیرآئینی ہے تاہم امیدوار لانا ہمارا جمہوری حق ہے اور اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر  امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ گورنر نے وصول کرلیا ہے، گورنر قانون کے مطابق اسے آگے پراسس کریں گے، معلوم نہیں پی ٹی آئی کو کس بات کا خوف ہے۔ 

امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملے کو خود متنازع بنانےکی کوشش کر رہی ہے، اگر ایک وزیراعلیٰ کے استعفے کا عمل مکمل نہیں ہوا تو دوسرے کا انتخاب کیسے ہو سکتا ہے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں