111

پارا چنار کے آرمی پبلک اسکول میں کلاسز کا آغاز ہوگیا

قبائلی علاقے پارا چنار کے بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر بنائے آرمی پبلک سکول میں کلاسوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

افواج پاکستان کے سربراہ نے گزشتہ سال اپنے دورے میں پارا چنار شہر اور ڈوگر میں آرمی پبلک سکول قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد صرف 5 ماہ کی مختصر مدت میں اے پی ایس پاراچنار کی عمارت تعمیر کر کے باقاعدہ کلاسوں کا آغاز کردیا گیا۔

اس موقع پر والدین سے بات چیت کرتے ہوئے کمانڈر 73 بریگیڈ بریگیڈئیر اختر علیم کا کہنا تھا کہ پاراچنار میں قائم ہونے والا یہ تعلیمی ادارہ صرف اسکول اور کالج نہیں بلکہ ایجوکیشنل کمپلیکس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے میں ہاسٹل بھی قائم کئے جارہے ہیں جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے جب کہ اسکول کے لئے قابل اور پیشہ ور اساتذہ اور دیگر اسٹاف کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ادارے سے تعلیم مکمل کرکے نکلنے والے طلبہ و طالبات معاشرے کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں گے۔

اسکول آنے والے طلبا و طالبات کا کہنا تھا کہ انہیں انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ وہ ایک وسیع و عریض اور بہترین اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے ۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ محنت کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے جب کہ بچوں کے والدین نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعلیمی ادارہ بچوں کے کامیاب مستقبل کا ضامن ثابت ہوگا ۔

والدین نے ایجوکیشنل کمپلیکس کے قیام پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا وعدہ پورا کر کے علاقہ کے لیے ایک بہترین ادارہ قائم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں