242

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی افغانستان کے سفیر شکر اﷲ عاطف مشعل سے ملاقات کے دوران گفتگو

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی افغانستان کے سفیر شکر اﷲ عاطف مشعل سے ملاقات کے دوران گفتگو

اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امریکہ طالبان معاہدے کے تحت افغان لویہ جرگہ کے قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے سفیر شکر اﷲ عاطف مشعل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغان سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دو طرفہ تعلقات کو مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ وزیر اعظم عمران خان تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص افغانستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے مفاد میں ہے۔ صدر مملکت نے کہا
کہ پرامن اور خوشحال افغانستان کے بغیر علاقائی ترقی اور تجارت ممکن نہیں۔ صدر مملکت نے امریکہ ۔ طالبان معاہدے کے تحت افغان لویہ جرگے کے قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی تعمیرِ نو کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ افغان ٹریڈ کیلئے گوادر بندرگاہ کو کھولنے کے حکومتی فیصلے سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور دو طرفہ تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ افغانستان کے سفیر نے افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران تجارت اور افغانوں کی نقل و حمل جاری رکھنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں