پاکستان ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، احسن اقبال 93

پاکستان ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، احسن اقبال

پاکستان ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، احسن اقبال

نارووال: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے تو وہ کیوں ہمیں ووٹ نہیں دیں گے؟ 25جولائی کو ن لیگ کو 2013 سے بڑی کامیابی ملنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال پہلے ہمیں 18 سے 20 گھنٹے بجلی نہیں ملتی تھی لیکن آج ہماری زندگی میں 18 سے 20 گھنٹے بجلی موجود ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کے تسلسل کو ووٹ دیں کیوں کہ پی ٹی آئی کی قیادت اناڑی ہے جس نے میٹرو کے چکر میں پشاور کو کھنڈر بنا دیا، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع میں پی ٹی آئی کے ٹکٹس کی بولی لگ رہی ہے اور جو پارٹی بولی لگا کرٹکٹ دے وہ کیا عوام کی خدمت کرے گی کیوں کہ پیسوں سے عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے این اے 78 میں انتخابی مہم شروع کردی ہے اور کئی کارنر میٹنگز اور جلسوں سے خطاب کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 2013 میں پاکستان میں بےامنی، جہالت اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے تھے لیکن (ن) لیگ نے قوم کو ایک نئی امید دی اور ترقی کے راستے پر ڈال دیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ایک روپے کی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں تھا لیکن نوازشریف کی بدولت چین نے سی پیک میں اربوں ڈالر کے منصوبے لگائے جب کہ بلوچستان کی حکومت قوم پرست جماعتوں کو دینا بھی نوازشریف کا کمال ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 70 سالوں میں قائد اعظم کا پاکستان نہیں بننے دیا گیا، پاکستان کے عوام کا مقدر آئین، جمہوریت اور ووٹ کی عزت میں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، ہماری حکومت نے دہشت گردی کی کمر توڑ کر امن کو فروغ دیا اور 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے ملک کو اندھیروں سے نکالا۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے احسن اقبال کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 78 سے پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں