نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے، عمران
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میاں نوازشریف کے متنازع بیان پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کے متنازع بیان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ نوازشریف نے کس سیاق وسباق میں انٹرویو دیا دیکھنا ہوگا، ان کے بیان پر بھارت کو بہت فائدہ ہوا ہے، بھارت اور اسرائیلی لابی مغرب میں اکٹھے آپریٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو کیا اس سے بڑی کیا غداری ہوسکتی ہے، بھارتی لابی اس بیان کو آگے لے کر جائے گی تو ہم بلیلک لسٹ میں جاسکتے ہیں، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرےمیں ڈالا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے شہبازشریف اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے، نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا جب کہ ساتھ ہی ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم سے مطالبہ کرتا ہوں وہ اسمبلی میں آئیں اور وضاحت کریں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے کوشاں ہے، سب کو سمجھنا چاہیےکہ یہ گیم کیوں بنایاگیا، بھارتی میڈیا میں تاثر دیا گیا کہ یہاں سب کچھ فوج کرارہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈان لیکس میں یہ سب کچھ کہا گیا تھا، فوج پر الزام لگایا گیا، پاناما پیپرز آیا تو نوازشریف نے فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیئے، آج نواز شریف کو این آر او مل جائے تو فوج اور عدلیہ اچھی ہوجائے گی، ختم نبوت کے قانون میں خفیہ طور پر ترمیم کی گئی، ڈان لیکس، ختم نبوت قانون ایک ہی کڑی نظر آرہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ نوازشریف انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کررہے ہیں کہ مجھےبچاؤ، انہوں نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا، شہبازشریف اور وزیراعظم کہتے ہیں وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں، دونوں بتائیں بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے بیان میں کیا غلط پڑھا۔