112

نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کی وجہ کے الیکٹرک کا بجلی گھر تیل پر نہ ہونا قرار دیدیا

نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کی وجہ کے الیکٹرک کا بجلی گھر تیل پر نہ ہونا قرار دیدیا

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سبب کے الیکٹرک کا بجلی گھر تیل پر نہ چلانے کو قرار دے دیا۔

کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر احتجاج کے بعد نیپرا نے اس معاملے کا نوٹس لیا تھا۔

نیپرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ کیا جہاں ٹیم نے کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس اور گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور شہریوں سے بھی ملاقات کی

نیپرا کی رپورٹ

ذرائع کے مطابق نیپرا ٹیم نے کے الیکٹرک کی جانب سےکی جانے والی لوڈ شیڈنگ پر رپورٹ نیپرا اتھارٹی کو جمع کرادی ہے جس کے بعد وزارت توانائی کے لیے ایڈوائزری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت توانائی کو ایڈوائزری جاری کی جائے گی کہ کےالیکٹرک کو گیس دی جائے اور کے الیکٹرک اپنے فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو بھی پوری صلاحیت پر چلائے

کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، شہری پریشانی کا شکار
کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، شہری پریشانی کا شکار

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نیپرا کی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کے الیکٹرک نے بن قاسم ٹو اور کورنگی پاورپلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پرمنتقل نہیں کیا، کے الیکٹرک نے اپنے فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو بھی پوری صلاحیت پر نہیں چلایا۔

نیپرا نے کے الیکٹرک سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں پوچھا جائے گاکہ کے الیکٹرک نے بن قاسم ٹو اور کورنگی پاورپلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پر منتقل کیوں نہ کیا؟

ذرائع کے مطابق نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک بن قاسم ٹو اور کورنگی پاور پلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پر منتقل کرے۔

نیپرا کا اعلامیہ

دوسری جانب نیپرا کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اپریل 2017 کے مقابلے میں کے الیکٹرک کو 50 سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم فراہم کی جارہی ہے، 27 مارچ سے 10 اپریل تک بن قاسم پاور اسٹیشن ون کو کم پیداوار پر چلایا گیا، 647 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جب کہ پلانٹ کی صلاحیت 1015 میگا واٹ ہے۔

نیپرا کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کی مرمت نہ ہونے کے سبب بھی بجلی کا مسئلہ پیدا ہوا، کورنگی اور بن قاسم کے غیر فعال پلانٹس فوری ڈیزل پر چلائے جائیں جب کہ کے الیکٹرک رمضان میں سحر و افطار میں لوڈ شیدنگ نہ کرنے کا پلان دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں