نیب کو کہہ دیا ریفرنس بنائیں تاکہ عدالت میں صحیح غلط کا فیصلہ ہوجائے: سعد رفیق 186

نیب کو کہہ دیا ریفرنس بنائیں تاکہ عدالت میں صحیح غلط کا فیصلہ ہوجائے: سعد رفیق

نیب کو کہہ دیا ریفرنس بنائیں تاکہ عدالت میں صحیح غلط کا فیصلہ ہوجائے: سعد رفیق

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیب کو کہہ دیا ریفرنس لازمی بنائیں تاکہ عدالت میں فیصلہ ہو کہ ہم نے کچھ غلط کیا تھا یا نہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بے پناہ دباؤ کے باوجود اسپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کر کے بات کرنے کا حق دینے پر مشکور ہوں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل کی سلاخوں کی پیچھے سے ایک سیاسی کارکن جس کی اپنی سیاسی جدوجہد کی عمر 4 دہائیوں پر محیط ہے، ایک اور انداز میں ساری صورتحال کو دیکھ سکتا ہے، بطور پولیٹیکل کامریڈ اپنے لیے پریشان نہیں ہوں، نیب والوں کو کہا ہے کہ ریفرنس ضرور بناؤ، جتنا آپ نے اور آپ کے سرپرستوں نے بدنام کیا، اب ضروری ہے کہ ریفرنس بنے تاکہ کورٹ آف لاء میں اس کا فیصلہ ہو۔

خواجہ سعد رفیق نے نیب کو عیب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک عیب دور نہیں کریں گے تو حکومت کو بھی بھگتنا ہوگا، اللہ کریں آپ اسے نہ بھگتیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد کو حکومت اپنے لیے خطرہ نہ سمجھے، برسوں کے تجربات سے بہت سیکھا ہے یہی وجہ ہے کہ روز گالیاں ملنے کے باوجود حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن چھوٹے موٹے جھگڑے ہوتے رہیں گے۔

نہیں چاہتے کہ آپ کو گرانے کے چکر میں پورا جمہوری نظام لپٹ جائے: خواجہ سعد رفیق
انہوں نے کہا کہ حکومت سے بات کرتے رہیں گے اور نہیں چاہتے کہ آپ کو گرانے کے چکر میں پورا جمہوری نظام لپٹ جائے، چاہتے ہیں جو چاند تارے توڑ کر لانے کے وعدے کیے گئے تھے ان میں سے صرف 10 فیصد وعدے ہی پورے کرلیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد سے جمہوریت اور عوام کو فائدہ ہوگا، حکومت کو وقتاً وقتاً اس کا چہرہ دکھاتے رہیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کو مشورہ دیتا ہوں، ان سے بہت ناراض ہوں لیکن مشورہ ٹھیک دوں گا کہ وہ اپنے مخلص دوستوں کو بٹھائیں اور کنٹینر سے واپس آئیں، وہ پانچ ماہ کی حکومت کرچکے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 71 سال کی تاریخ ہے، یہاں خان ولی خان، اکبر بگٹی اور جی ایم سید کو غدار قرار دیا گیا، جو اس ملک میں آئین و قانون کی عملداری مانگتا ہے اسے غدار قرار دے دیا جاتا ہے، مجھےکوئی بتائے کہ یہ غدار کون پیدا کرتا ہے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ سیاستدانوں کو آرام کرنے کا وقت نہیں ملتا، ان عناصر کا شکر گزار ہوں جن کی بدولت جیل گیا جہاں آرام بھی کرلیتا ہوں، کھانا بھی وقت پر کھا لیتا ہوں اور وقت پر نماز کی ادائیگی بھی ہوجاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں