124

مریم نواز شریف پشتون تحفظ مومنٹ کے حق میں بول پڑیں

لندن : مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ظلم اور زیادتی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش نہ کبھی کامیاب ہوئی نہ ہوگی، پشتون بھائیوں کوفوری رہا اور جلسے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ زیادتی کے خلاف اٹھنے والی آوازیں دبانے کی کوشش اب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وجوہات کا سدِباب کیا جائے، پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جائے اور جلسے کی اجازت دی جانی چاہیے، یہ ملک اتنا ہی ان کا ہے جتنا ہم سب کا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف ان دنوں لندن میں مقیم ہیں، وہ  والد کے ہمراہ 18 اپریل کو لندن روانہ ہوئیں، وہ والدہ کی خیریت اور عیادت کیلئے لندن میں موجود ہیں۔ مریم کی والدہ کلثوم نواز گلے کے کینسر کے باعث لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے گزشتہ سال لاہور کے حلقے این اے 120 سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اپنی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے ابھی تک وہ حلف اٹھانے بھی نہیں جا سکیں ہیں۔ ان کی غیر حاضری اور ناساز طبعیت کے باعث ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے ان کی انتخابی مہم چلائی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مریم نواز کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے، جب حکومت کی جانب سے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم ) کو لاہور میں جلسے اور ریلی کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا، جب کہ دوسری جانب پاکستان تحفظ مومنٹ کی جانب سے پاکستان فوج کے حق میں لاہور کے مختلف علاقوں میں ریلی نکالی گئی۔

موصول دستاویز کے مطابق پی ٹی ایم نے لاہور میں 22 اپریل (اتوار) کو ریلی کی اجازت مانگی تھی، سیکیورٹی کے موجودہ حالات کے پیش نظر درخواست مسترد کردی گئی۔ پی ٹی ایم کے رکن علی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور کے شہری موچی گیٹ پر جمع ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ جنگ زدہ علاقوں کے پشتونوں کے حالات و نظریات سے آگاہ کیا جائے، ہم وہ باتیں بھی بتانا چاہتے ہیں جو سنسر شپ کے باعث آپ لوگوں تک نہیں پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں