97

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں
بھارت میں موجود بنگلادیشی ہائی کمیشن نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی— فوٹو: رائٹرز/فائل

ڈھاکا: ملک میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر ملک  سے فرار ہوگئیں۔

بھارت میں موجود بنگلادیشی ہائی کمیشن نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد بھارتی شہر اگرتلہ پہنچی ہیں اور بھارت انہیں محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ اگرتلہ سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جانب روانہ ہوئی ہیں جہاں ان کی بھارت کے اہم حکومتی رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے۔

بنگلادیشی فوج نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی فوج نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 

خبر ایجنسی کے مطابق اس وقت بنگلادیشی آرمی چیف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں،  آرمی چیف جنرل وقار الزماں کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ 

گزشتہ روز فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بنگلادیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزماں نے کہا تھا کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی کھڑی رہے گی۔

حسینہ واجد بھارت سے لندن جائیں گی: بھارتی میڈیا

خبر ایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈکرانے کی کوشش کی مگر انہیں تقریر ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلا دیشی فوج کے قریبی ذرائع کا بتانا ہےکہ شیخ حسینہ لندن روانہ ہوں گی۔

شیخ حسینہ واجد کے استعفے کی خبر سنتے ہیں دارالحکومت ڈھاکا میں بڑی تعداد میں طلبہ نے جشن منایا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش میں اس وقت 4 لاکھ افراد سڑکوں پر موجود ہیں۔

مظاہرین شیخ حسینہ کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہےکہ دارالحکومت ڈھاکا کی طرف مارچ کرنے والے مظاہرین شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ بھی کی جب کہ مظاہرین سامان بھی اٹھاکر لے گئے۔

ملک میں عبوری حکومت بنائی جائے گی: بنگلا دیشی آرمی چیف

 بنگلا دیشی آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا اور اب ملک میں عبوری حکومت بنائی جائے گی۔

آرمی چیف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں امن واپس لائیں گے، شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب عبوری حکومت کےقیام کےلیے بات چیت جاری ہے اور اس حوالے سے عوامی لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوئی ہے۔

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں
بنگلادیشی وزیراعظم کا قوم سے خطاب: اسکرین گریب

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرفیو یا ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں، صدر سے جلد ملاقات کرکے عبوری حکومت کے قیام پر بات کرونگا اور امید ہے آج رات تک مسائل کا حل تلاش کرلیں گے۔

بنگلادیش میں احتجاج کب اور کیوں شروع ہوا؟

یاد رہے کہ بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ ماہ کئی روز تک مظاہرے ہوئے تھے جن میں 200 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم کو ختم کردیا تھا مگر طلبہ نے اپنے ساتھیوں کو انصاف نا ملنے تک احتجاج جاری رکھنے اور سول نافرمانی کی کال دے تھی۔

پرتشدد احتجاج میں 300 ہلاکتیں

بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعد پرتشدد احتجاج میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی ہے جب کہ طلبہ نے آج دارالحکومت ڈھاکا کی طرف لانگ مارچ کی کال دی تھی۔

شیخ حسینہ کا اقتدار

شیخ حسینہ واجد 19 سالہ اقتدار کے نتیجے میں ملک کی طویل ترین وزیراعظم رہیں، وہ اسی سال چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں جب کہ حسینہ واجد پر سیاسی مخالفین کے خلاف اقدامات کے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں اور حال ہی میں ان کی حکومت نے بنگلادیشی جماعت اسلامی پر پابندی لگائی تھی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں