54

اسٹیٹ آف آرٹ اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی نئی بلڈنگ کا افتتاح

اسٹیٹ آف آرٹ اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی نئی بلڈنگ کا افتتاح

/ اسلام گڑھ بیورو چیف)آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید اور انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد یاسین قریشی نے56 ملین روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف آرٹ اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کرد یا اور فائر بریگیڈ کی گاڑی،ایمرجنسی سروسز 1122 کے دفاتر کے لیے 23 پوسٹوں کا نوٹیفکیشن بھی ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان کے حوالے کیا،قبل ازیں وزیر حکومت چوہدری قاسم مجیداور انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد یاسین قریشی جب تھانہ اسلام گڑھ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا،پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا

اور سلامی دی، جس کے بعد انہوں نے نئی بلڈنگ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بلڈنگ کا تفصیلی معائنہ کیا اس تھانہ کی عمارت میں پولیس دفاتر سمیت پولیس ملازمین کے لئے رہائشی سہولیات بھی موجود ہیں۔اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس سے کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان، ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان، ایس ایس پی خرم اقبال، اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ تنویر السلام، سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ رفیق احمد توفیقی نے خطاب کیا

جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری یاسر ممتاز، چوہدری بشارت حسین ایڈووکیٹ،ایس ای بلڈنگ طاہر محمود بٹ، ایکسین بلڈنگ چوہدری ثاقب حسین،ڈپٹی کمشنر انلینڈ ریونیو محمود عالم، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر حاجی سکندر اعظم،تحصیلدار راجہ آصف منیر، ایکسین برقیات وقار حنیف، چیف آفیسر اسلام گڑھ امیر حمزہ،نائب تحصیلدار چوہدری الطاف حسین، ڈسٹرکٹ کونسلرز، کونسلر، چیئرمین، وائس چیئرمین لوکل کونسل، ایمرجنسی سروز ودیگر انتظامیہ اور پولیس کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔


آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید نے اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی نئی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں خطہ کی تعمیر وترقی، عوام کی خوشحالی و فلاح بہبود سمیت بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے، آزاد کشمیر پولیس میں 3ہزار اہلکاران بھرتی کریں گے،پیر گلی پولیس چوکی بنائیں گے، حلقہ چکسواری کے عوام خوش قسمت ہیں کہ ان کا ایم ایل اے حکومت کا اہم وزیر ہے جس کی سربراہی میں ایکشن کمیٹی کے بیشتر معاملات حل ہوئے ہیں اور مذیدعوامی مسائل بھی حل کیے جارہے ہیں۔ اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی عالی شان عمارت مکمل ہوگئی ہے

اس تھانہ کو شہید پولیس انسپکٹر عدنان فاروق قریشی کے نام کریں گے جبکہ تھانہ کے لیے نیافرنیچر اور ڈی ایس پی دفاتر کے لئے تمام سہولیات میسر کریں گے،چکسواری تھانہ کی نئی عمارت بھی تعمیر کریں گے اور اسلام گڑھ تحصیل دفاتر کے لیے کمپلیکس بھی بنائیں گے، ہر یونین کونسل میں قبر ستان،جنازہ گاہ اورپارک بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پولیس اور عوام ایک ہیں ان کے درمیان باہمی اشتراک ہونا چاہیے۔ عوام میں سے پولیس اور انتظامی افسران بنتے ہیں جو عوامی خدمت کے لئے ہمہ وقت الرٹ رہتے ہیں،

پولیس کے ساتھ میرا خونی رشتہ ہے میرے دادا چوہدری لال بھی پولیس انسپکٹر تھے انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی تھانے کی بنیاد پر سیاست نہیں کی اور نہ ہی انتظامیہ کو کسی کے خلاف میرٹ سے ہٹ کر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سارے انتظامی ادارے ریاست کی خدمت کے لیے ہیں انہیں عوام کے لیے انصاف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے عوام علاقہ سے کہا کہ وہ ہڑ تال کرنے بجائے مجھے تجویز دیں کہ جو بھی عوامی مسئلہ ہو گا اس کو حل کرنے میں کسی قسم کا کوئی تاخیری حربہ نہیں کروں گا۔انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ عوامی مفاد کے اجتماعی مسائل جن میں تعلیم،صحت،پانی،بجلی اور ذرائع رسل و رسائل کی سہولیات ہیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اسلام گڑھ تحصیل کو مضبوط بنائیں گے اور جملہ دفاتر اسلام گڑھ تحصیل کمپلیکس میں قائم کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس محمد یاسین قریشی نے کہا کہ آزادکشمیر پولیس کو مضبوط،منظم اورجدید سہولیات و آلات سے لیس کریں گے چونکہ ریاست میں دیگر اداروں سے پولیس کا سیکورٹی کے حوالے سے اہم کردار ہے جب بھی کسی جگہ کوئی مشکل پیش آتی ہوتو پولیس سب سے پہلے پہنچتی ہے آزادکشمیر میں پولیس کی نفری میں خاصی کمی ہے۔پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے پولیس نفری کو دوگنی کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پولیس ملازمین کے لیے پولیس لائن اور تھانوں کی بلڈنگز میں مکانیت کی سہولیات مہیا کریں گے۔انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر پولیس کے کمیونکیشن کے نظام کو مربوط بنانا ہوگا چونکہ پولیس واحد ادارہ ہے جس کے ملازم 24گھنٹے ڈیوٹی کرتے ہیں

اور کسی بھی واقعہ پر فوری ریسپانس کرتے ہیں۔انھوں نے پولیس افسران اور ملازمین سے کہاکہ ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور اپنے اختیارات کا درست اور صحیح استعمال کریں۔اگر پولیس ملازمین درست اختیارات استعمال کرتے ہیں تو انھیں اس جہان اور اگلے جہان بھی سکون ملے گا۔انھوں نے مزید کہاکہ اہلیان میرپور نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دو بار قربانیاں دیں اس حوالے سے ان کے پولیس کے متعلق توقعات بھی زیادہ ہیں چونکہ متاثرین کی بڑی تعداد بیرون ممالک آباد ہے جن کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ پولیس اگر کسی کے ساتھ زیادتی کرے گی تو اس کے لیے محکمانہ سزاو جزاء کا عمل موجود ہے

۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دو اڑھائی سالوں سے آزادکشمیر کے پرامن ماحول اور اخلاقی روایات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو پولیس پر اعتماد ہونا چاہیے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کی جائے اپنے بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان میں اعتماد سازی پیدا کی جائے اور ریاست جموں وکشمیر کی سیاسی،اخلاقی،تعلیمی اور امن وا مان کے قیام کے حوالے سے سابقہ مثالی روایات کو بحال کیاجائے۔انھوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ڈاکٹر کے پاس معاشرے کے ستائے ہوئے لوگ آتے ہیں

جس کے ازالہ کے لیے پولیس ملازمین کو اپنا رویہ ٹھیک رکھنا ہوگا۔شریف آدمی کو تھانے میں آکر سکون ملنا چاہیے اور بد مظنہ کو تھانے میں نشان عبرت بنانا چاہیے۔انھوں نے اسلام گڑھ تھانے کی نئی عمارت کے قیام پر وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیس کے لیے مکانیت کی سہولیات نہایت ہی ضروری ہیں۔تھانہ اسلام گڑھ کی پرانی عمارت زلزلہ میں متاثر ہوچکی تھی۔نئی عمارت کی تعمیر سے علاقہ میں امن وامان کے قیام،جرائم کے خاتمے اور لوگوں کو عدل و انصاف کی فراہمی میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں