دہشتگرد پہلے پستول استعمال کرتے تھے اب سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، طلال چوہدری
دہشتگرد پہلے پستول استعمال کرتے تھے اب سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نےکہا ہےکہ ہم خود سوشل میڈیا متاثرین میں سے ہیں، دہشت گرد پہلے پستول استعمال کرتے تھے اب سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سینیٹر انوشہ رحمان کا پیکا قانون میں ترمیم کا بل زیر غور آیا جسے بحث کے بعد اتفاق رائے سے منظورکرلیا گیا۔
انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ میرے بل کے حق میں این سی سی آئی اے بھی ہے، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ اگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز پی ٹی اے اور این سی سی آئی اے کی درخواست پرقابل اعتراض مواد نہیں ہٹاتی تو کیا ہوگا؟
ڈی جی این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکو تعاون کے لیے درخواست کر چکے ہیں۔
انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ میں ساری زندگی یہی سنتی آئی ہوں، ایک طریقہ کار ہونا چاہیےکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کیسے قابل اعتراض مواد ہٹائےگا، پہلے سروس پرووائڈرز کہتے تھے کہ جب تک قانونی طور پر جرم ثابت نا ہو مواد نہیں ہٹائیں گے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نےکہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی آئی ٹی منسٹری کا کام ہے۔ اس پر انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ قانون تو آپ کے پاس ہے اس وقت۔
طلال چوہدری نےکہا کہ ہم خود سوشل میڈیا متاثرین میں سے ہیں، پوری دنیا ہمارے خلاف کھڑی ہوجاتی ہے کہ ہم آزادی اظہار رائے پرپابندی عائد کر رہے ہیں، دہشت گرد پہلے پستول استعمال کرتے تھے اب سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، ہم بھی یہی چاہتےہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور سروس پرووائڈرز کو پابند کیا جائے۔

