154

اسلام آباد میں سینیئر صحافی قاسم منیر پر بہیمانہ تشدد ، اغواء کے بعد تشویش ناک حالت میں پھینک دیا گیا، صحافتی برادری کا شدید ردعمل

اسلام آباد میں سینیئر صحافی قاسم منیر پر بہیمانہ تشدد ، اغواء کے بعد تشویش ناک حالت میں پھینک دیا گیا، صحافتی برادری کا شدید ردعمل

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وفاقی دارالحکومت میں ایک اور افسوسناک واقعہ، سینیئر صحافی و انویسٹیگیشن رپورٹر قاسم منیر پر نامعلوم ملزمان کا وحشیانہ تشدد، اغواء کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں تھانہ کرپا کی حدود میں پھینک دیا گیا۔ذرائع کے مطابق قاسم منیر کو جمعہ کی شب نامعلوم افراد نے اغواء کیا اور کسی نامعلوم مقام پر لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں انہیں تشویش ناک حالت میں تھانہ کرپا کے علاقے میں چھوڑ دیا گیا، جہاں مقامی رہائشیوں نے انہیں خون میں لت پت حالت میں دیکھا۔

عینی شاہدین کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور قاسم منیر کو اسپتال منتقل کیا۔ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت انتہائی نازک ہے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قاسم منیر کو گزشتہ چند دنوں سے سنگین نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ بھی کیا تھا، تاہم ان کی سیکیورٹی کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا سکے۔.

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب دارالحکومت کے صحافتی حلقوں نے قاسم منیر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملے آزادیِ اظہار پر براہِ راست حملہ ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے اور میڈیا کارکنان کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔صحافی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ اگر قاسم منیر پر حملے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں