اسلام آباد پولیس کے ایس پی نے مبینہ طور پر خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی
اسلام آباد پولیس کے ایس پی نے مبینہ طور پر خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی

اسلام آباد پولیس کے ایس پی نے مبینہ طور پر خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر فون پر کسی سے بات کر رہے تھےکہ اسی دوران انھوں نے اپنے اسٹاف سے پسٹل لی اور اپنے آپ کو مبینہ طور پرگولی مار دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ایس پی عدیل اکبر کو زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی انڈسٹریل ایریا خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
اس واقعے سے کچھ دیر قبل ہی وہ حاجی کیمپ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ کی گئی تھی اور ان کی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں۔
پوسٹ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے حاجی کیمپ کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران سے ملاقات کی، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کانسٹیٹیوشن ایونیو سے اپنے دفتر کی طرف جا رہے تھے۔ عدیل اکبر راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر لگنے سے جاں بحق ہوگئے، واقعےکی مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی عدیل اکبر کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے۔
نمازجنازہ کے بعد جسد خاکی کو سرکاری اعزاز میں آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔
ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے عدیل اکبرکی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔ عدیل اکبر کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 46 ویں کامن سے تھا، وہ سی ایس ایس میں اپنے بیچ کے ٹاپر تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز عدیل اکبر کو ڈینگی بھی رپورٹ ہوا تھا، اس کے باوجود عدیل اکبر ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہے، وہ ترقی نہ ملنے کی وجہ سے بھی شدید ڈپریشن کا شکار تھے، عدیل اکبر کی آئندہ بورڈ تک ترقی کو ملتوی کیا گیا تھا۔