غزہ جنگ بندی معاہدے کیلئے ٹرمپ کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں: حماس
غزہ جنگ بندی معاہدے کیلئے ٹرمپ کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں: حماس
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔
تاہم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس معاہدے کے تحت غزہ سے انخلا کرنا ہوگا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ حماس کو غزہ سے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے مصر اور قطر کے ثالثوں کے ذریعے نئی جنگ بندی تجاویز موصول ہوئی ہیں اور تنظیم ان کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے معاہدے تک پہنچنا چاہتی ہے جو جنگ کا مکمل خاتمہ اور اسرائیل کے غزہ سے انخلا کی ضمانت دے۔
تاہم نیتن یاہو نے آج ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہاں حماس نہیں رہے گی، ‘حماستان’ جیسا کچھ نہیں ہوگا۔ ہم پیچھے نہیں جائیں گے۔ یہ سب ختم ہو چکا ہے‘۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر غزہ میں قریب دو سال سے جاری جنگ ختم کرنے اور مستقل جنگ بندی کے لیے معاہدہ کرنے کا عوامی دباؤ بڑھ رہا ہے، تاہم ان کی دائیں بازو کی حکومت کے سخت گیر اتحادی اس کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔