بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان موجود ہے، خواجہ آصف
بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان موجود ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان موجود ہے، اگر ایسا ہوا تو پاکستان بھی بھرپور جواب دے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی ایک کونے میں لگا ہوا ہے اور اس کا سیاسی سرمایہ ختم ہوگیا ہے تو ایسی صورتحال میں بوکھلاہٹ میں مودی کوئی حرکت کرسکتا ہے، ایسا ہوا تو پاکستان بھی بھرپور جواب دے گا اور اس کے عالمی اثرات بھی ہوں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو ساری دنیا ایک کیمپ میں اکٹھی ہوجائےگی اور بھارت کے دوستوں کی جانب سے بھی مودی کو حمایت نہیں ملے گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیز فائر کے لیے ہمارے اوپرکوئی دباؤ نہیں تھا، امریکا سمیت تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ آن بورڈ تھے، دوست ممالک سیز فائر کے حق میں تھے اس لیے ہم نے سیز فائر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چار دن انتظار کیا کہ شاید آج بھارت کو بات سمجھ آئے، بھارت کے خلاف ہماری جیت کثیر الجہتی ہے، یہ پہلی لڑائی تھی جس میں سائبر وار فیئر ہوا ہے، سائبر وار میں بھارت کا سارا سسٹم مفلوج ہوگیا تھا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آدھے یا پورے، بھارت کشمیر پر بات کرنے پر آمادہ تو ہوا ہے، ورنہ بھارت مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کو تیار ہی نہیں تھا، یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔