افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل کا آن لائن سیمینار
اسلام آباد(نامہ نگار)پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایک خصوصی آن لائن سیمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد افواجِ پاکستان کو دشمن کی جارحیت پر بروقت، مؤثر اور جرات مندانہ جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ سیمینار میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔سیمینار کی صدارت چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ اور سیکرٹری جنرل شیخ اعجاز افضل نے انجام دیے۔
فورم کے چیئرمین چوہدری نور الحسن گجر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی بہادر افواج کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوطی سے کھڑا ہے اور انشاءاللہ فتح پاکستان کی ہوگی ۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے کہا کہ بھارت اپنی بوکھلاہٹ کی وجہ سے عالمی سطح پر اپنی سفارتی اور اخلاقی اہمیت کھو چکا ہے، پاک فوج نے بھارت جیسے بزدل دشمن کو عبرت ناک شکست دے کر تاریخ رقم کر دی،
جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
شرکاء نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی صحافی دنیا کے کسی بھی خطے میں ہوں، اپنی شناخت، وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان سے وفاداری کو کبھی فراموش نہیں کرتے۔ انہوں نے دشمن کی جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے میڈیا فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز صحافی اپنے قلم اور کیمرے کے ذریعے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لاتے رہیں گے اور دشمن کی جھوٹ پر مبنی مہمات کو ہر سطح پر ناکام بنائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاطف خان تنولی نے ایک متفقہ قرارداد پیش کی، جس میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی دفاع میں ان کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
سیمینار میں فورم کے اہم عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی جن میں چیئرمین نورالحسن گجر ، صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ ، جنرل سیکرٹری شیخ اعجاز افضل، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاطف خان تنولی ، فنانس سیکرٹری ریاض بلوچ، سینیئر نائب صدر فہد رفیق کھوکھر، چیئرمین مجلس عاملہ حافظ عرفان کھٹانہ، وائس چیئرمین مجلس عاملہ شوکت گورایا،
بین الاقوامی چیپٹر ہیڈز آسٹریا (ویانا) سے محمد عامر صدیق،امریکہ سے عاصم صدیقی، آسٹریلیا سے وکیل وڑائچ،کینیڈا سے عظمت مجیب فاروقی،ترکیہ سے سید رضوان حیدر بخاری،ساؤتھ افریقہ سے اشفاق انور،اٹلی سے تنویر ارشاد،ہانگ کانگ سے محمد عمران، ، آسٹریلیا سے سنیئر صحافی سلمان رحمان، برطانیہ سے شیراز خان ، اور دبئی سے سلمان لقمان شامل تھے یہ سیمینار قومی یکجہتی، حب الوطنی اور میڈیا کے محاذ پر پاکستان کے دفاع کے عزم کا بھرپور مظہر تھا ،