43

بھارتی 15 مقامات پر پاکستانی حملےکی خبر جھوٹی ہے، پاکستان حملہ کریگا تو نظر بھی آئیگا، گونج بھی سنائی دیگی: ترجمان پاک فوج

بھارتی 15 مقامات پر پاکستانی حملےکی خبر جھوٹی ہے، پاکستان حملہ کریگا تو نظر بھی آئیگا، گونج بھی سنائی دیگی: ترجمان پاک فوج

بھارتی 15 مقامات پر پاکستانی حملےکی خبر جھوٹی ہے، پاکستان حملہ کریگا تو نظر بھی آئیگا، گونج بھی سنائی دیگی: ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی 15 مقامات پرحملہ کرنے کی من گھڑت کہانی ہے، پاکستان جب حملہ کرے گا تو ہمیں یا بھارت کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی، دنیا کو پتا چل جائے گا کہ یہ پاکستان نے حملہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ بھارت سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے، بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے گرائے یہ شاید بھارت سے ہضم نہیں ہورہا ، بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے یہ حرکتیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہر ممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ہماری آرمی، نیوی اور فضائیہ الرٹ ہیں لہٰذا پاکستانی بہن بھائیوں کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں مسلح افواج دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔

پہلے 2019 میں ہم نے چائے پلائی تھی اب ہم نے چائے بھجوائی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر 

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھاکہ بھارت میں جنون پیدا کیا گیا کہ پاکستان میں 15 مقامات پر حملہ کیا گیا ہے، بھارت کی 15 مقامات پرحملہ کرنے کی من گھڑت کہانی ہے، بھارتی حکومت اور بھارتی آرمی کیا 18ویں صدی میں رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کب بھارتی حکومت تھیٹر اور سینما سے نکلے گی اور حقیقت میں آئے گی؟ بھارت جو ثبوت دکھارہا ہے، یہ خشک کھیت ہے کم از کم اس کو آگ ہی لگادیتے، پاکستان جب مارے گا تب پوری دنیا جان جائے گی، پاکستان جب حملہ کرے گا تو ہمیں یا بھارت کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی، دنیا کو پتا چل جائے گا کہ یہ پاکستان نے حملہ کیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ جو بھی چیز پاکستان کی طرف آتی ہے اس پر پاکستان کی نظر ہوتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈرون گرانے کی ویڈیو پریس کانفرنس میں چلائی اور کہا کہ یہ ڈرون بہت چھوٹے ہیں، سمجھا جاتا ہے کہ یہ پک نہیں ہوں گے لیکن ہم تو گراتے ہیں، ہمیں پتا ہے کہ ان کو کہاں گرانا ہے، کس طرح گرانا ہے اور اب تک 29 بھارتی ڈرونز گرائے جاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ دشمن فوجی یا شہری کی تمیز نہیں کرتا،  ہماری اطلاع ہے کہ اب تک ڈرونز حملے سے تین شہادتیں ہوئی ہیں، بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کے حملے کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے ، گرائے گئے بھارتی ڈرونز کا فارنزک معائنہ کیا جارہا ہے، بھارتی میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز چلائی جارہی ہیں، امرتسر میں بھارتی تنصیبات کو بھارتی میزائلوں نے ہی نشانہ بنایا، بھارت کی میڈیا میں انجینئرڈ وار ہسٹریا نظرآرہی ہے ، ہم ایمان کی قوت سے اتنے عرصے سے فتنہ الخوارج اور دہشتگردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے مختلف جگہوں سے اٹھایا ہے، بھارتی جنگی جہازوں کا ملبہ خود بھارت نے اٹھایا ہے، آج بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے اٹھایا ہے، پہلے ہم نے چائے پلائی تھی اب ہم نے چائے بھجوائی ہے، بھارتی ڈرون کا رخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، سوال یہ کہ بھارت ایسا کیوں کررہا ہے؟  

ان کا کہنا تھاکہ وہ سمجھ نہیں سکتے کہ یہاں لوگ ان پر ہنس رہے ہیں، یہ پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے، اس فوج کے پیچھے اس کے عوام کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت سے آنے والے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرون گرادیے، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا، چکوال، اٹک، بہاولپور، میانو، کراچی اور چھور میں ڈرونز کو گرایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور میں ڈرون گرنے سے فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے، میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات سےاسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز بھیج رہا ہے جنہیں سوفٹ کِل اور ہارڈ کِل ہتھیاروں سےگرایا گیا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=HXXmhNsAflE

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں