رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا، احتیاط سے کام لیا ورنہ 10 جہاز بھی گرا سکتے تھے: وزیراعظم
رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا، احتیاط سے کام لیا ورنہ 10 جہاز بھی گرا سکتے تھے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا گیا، جو کہتے تھے پاکستانی روایتی جنگ میں پیچھے ہے ان کا کل رات ہوش ٹھکانے آگیا ہے، پانچ بھارتی جہاز گرائے گئے یہ جہاز دس بھی ہوسکتے تھے۔
قومی اسمبلی سے خطاب میں شہبازشریف کا کہنا تھاکہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن پاک فوج نے بھارت کے اس مکروہ حملے کا جواب دے کر اس کو چاند رات بنا دیا، کالعدم بی ایل اے اور کالعدم ٹی ٹی پی کے بھارت کے ساتھ تانے بانے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس دوست ملک کے سفیر کو بلا کر ڈیمارش کیا جس نے ہماری پیشکش کی حمایت کی، 24 کروڑ عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری فوج 24گھنٹے تیار تھی، بھارت کو جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی توفیق نہیں ہوئی، بھارت میں جعفر ایکسپریس واقعے پرمذاق اڑایا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارت نے جو طیارے خریدے تھے ان پر اس کو بہت ناز تھا، چند دن پہلے بھارت کے رافیل طیارے اڑے ہماری ائیرفورس نے ان کی کمیونیکیشن لاک کردی، ہم پاک فضائیہ کے سربراہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں پتا تھا کہ بھارت کے کیا مذموم عزائم ہیں۔
وزیراعظم کا کہناتھاکہ بھارت کے 80 جہاز گزشتہ رات کے حملے میں شریک تھے، بھارت کے رافیل طیاروں سمیت پانچ طیاروں کومارگرایا گیا، بھارت کے دو ڈرون مارگرائے گئے ہیں، ہماری مسلح افواج ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل تیار تھیں، ہمارے پاس بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحیت سے متعلق اطلاعات تھیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا گیا، بھارتی جہازوں نے جیسے پے لوڈ پھیکنا ہمارے جہازوں نے ان کو مارگرایا، ہمارے شاہینوں کے بھارتی طیاروں کا کمیونیکیشن نظام لاک کیا، 80 کے قریب بھارتی طیاروں نے پاکستان پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، جو کہتے تھے پاکستانی روایتی جنگ میں پیچھے ہے ان کا کل رات ہوش ٹھکانے آگیا ہے، پانچ بھارتی جہاز گرائے گئے یہ جہاز دس بھی ہوسکتے تھے، ہم نے احتیاط سے کام لیا ورنہ 10 جہاز بھی گرا سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھرپور جواب دینے پر پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان 24 گھنٹے تیار تھی کب بھارتی جہازوں کو سمندر میں پھینکیں، ائیر چیف ظہیر بابر کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کش کی، عالمی تحقیقات کی پیشکش کے جواب میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ ابھی ایک شہید بچے کی نماز جنازہ ہے جس میں صدر، سپہ سالار اور میں نے جانا ہے، کل کا واقعہ ہوا اس میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح دلائی، یہاں پی ٹی آئی کے لوگوں کو کہتا ہوں آئیں اکٹھے ہوجائیں اور پی ٹی آئی والے میرے پاس چیمبر میں بیٹھیں اور دنیا کو بتائیں کہ ہم اکٹھےہیں، اس کےعلاوہ کوئی شاندار موقع نہیں ہوسکتا کہ ہم دنیا کو دکھائیں کہ ہم ایک ہیں، آج وقت ہے کہ ہم ان سپاہیوں کو سلام پیش کریں یہ ملک کے ہیروز ہیں، اس فتح کی وجہ ہماری عظیم تیاری تھی۔
انہوں نے پیشکش کی کہ میں اپوزیشن کے چیمبر میں آنے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی سمیت سب کو کہتا ہوں کہ پاکستان کو عظیم بنائیں، دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم ایک ہیں۔