بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے، خواجہ آصف
بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہےکہ اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہوسکتی ہے۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
خیال رہےکہ گزشتہ شب بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملےکے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
پاکستانی فضائیہ اور بری افواج نے کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا جس کی ویڈیوز ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا کو بھی دکھائیں۔
اس کے علاوہ آج قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت، پاکستان کو اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق حاصل ہے، اور پاکستان کسی بھی وقت، جگہ اور طریقے سے اپنے معصوم شہریوں کی شہادت اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کا بدلہ لینےکا حق محفوظ رکھتا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کو اس ضمن میں مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیےگئے ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان وقار اور عزت کے ساتھ امن کے لیے پُرعزم ہے اور واضح کرتا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنی باعزت قوم کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔