حضور نبی رحمت ﷺ کا امتی ہونا اتنا بڑا احسان اور کرم ہے، پیر محمد حسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (فائزہ شاہ کاظمی )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ دین و دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے حضور نبی کریم ﷺ کی سچی غلامی و اتباع کو اپنے سروں کا تاج بنا لے اور ایک وفا دار اور نمک حلال غلامِ مصطفی ﷺ کی حیثیت سے اپنی زندگیاں شریعتِ مطہرہ کے تابع کر لے۔ خانقاہی نظام نے مخلوقِ خدا کو غلامی و عشقِ مصطفی ﷺ کا سبق پڑھایا ، یاد کروایا اور اطراف و اکنافِ عالم تک اس پیغام کو پہنچایا۔ وطنِ عزیز جس کو آج بے شمار اندرونی و بیرونی سازشوں کا سامنا ہے
یہاں پر بھی حقیقی امن و سلامتی ، اخوت و رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے ہمیں انہی تعلیماتِ نبوی ﷺ کو مشعلِ راہ بنانا ہو گا۔عشق و حبِ رسول مقبول ﷺ کی اسی عظیم جذبے کے فروغ و اشاعت کے لئے شادی وال سیالکوٹ کے مقام پر ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں شمعِ رسالت ﷺ کے پروانوں ، علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ دربارِ رسالت مآب ﷺ سے ملنے والی نورانی تعلیمات سے اصحابہ کرام و اہل بیت اطہار رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین، تابعین، تبع تابعین، اولیائ، اتقیاء و صالحینِ امت فیضیاب و سرفراز ہوئے اور مخلوق خدا کی
زندگیوں میں انقلاب بر پا کر ڈالا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انہی عظیم ترین تعلیماتِ نبوی ﷺ جن میں سب سے زیادہ زور نرمی و رحم دلی، اخلاقِ حسنہ اور مخلوقِ خدا کے ہر ممکن طریقے سے کام آنا پر دیا گیا ہے کو عملی طور پر اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور ربِ کریم کے حکم کے مطابق حقیقی کامیابی کو پا نے کے لئے اتباعِ رسولِ کریم ﷺ سے آراستہ ہوں۔ حضور نبی رحمت ﷺ کا امتی ہونا اتنا بڑا احسان اور کرم ہے کہ جس کی درخواست اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی اور رسول بھی بار گاہِ الہی میں کرتے رہے۔ اس عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ﷺ کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔