وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے اینکر سچ کی تلاش سردار طیب خان سے خصوصی گفتگو
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے اینکر سچ کی تلاش سردار طیب خان سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس ہائی کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں، اس کے باوجود پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کسی نیشنل سیکیورٹی میٹنگ میں مدعو نہیں کیا گیا، حالانکہ صوبے کے امن و امان سے متعلق کئی اہم امور زیرِ غور ہیں۔ ان کے مطابق وفاق کی طرف سے ایسے بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ “قوم بخوبی جانتی ہے کہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، سیاسی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہییں۔ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے اور کرتے رہیں گے۔”
سہیل خان آفریدی نے کہا کہ ان کی اولین خواہش ہے کہ بانی جماعت عمران خان کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہو، تاکہ صوبے کے امور، امن و امان، اور عوامی مسائل پر براہِ راست رہنمائی حاصل کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ “جب سے بانی جیل میں ہیں، میری ان سے کوئی ملاقات نہیں ہو سکی۔ لیکن میں پوری کوشش کر رہا ہوں کہ قانونی راستے سے ملاقات کا موقع ملے تاکہ پارٹی اور صوبے کے معاملات مزید مؤثر انداز میں چلائے جا سکیں۔”
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ وہ خود کو ایک ورکر سمجھتے ہیں اور ہمیشہ کارکنوں کے ساتھ جڑے رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “میں اپنے تمام ورکرز کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ اپنا جوش، جذبہ اور جنون برقرار رکھنا ہے۔ ان شاءاللہ میں آپ کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے کارکنوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، کیونکہ میں اسی طبقے سے تعلق رکھتا ہوں۔”
اینکر سچ کی تلاش سردار طیب خان سے گفتگو کے دوران وزیرِاعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام باہمت ہیں، اور ان کے تعاون سے ترقی اور استحکام کا سفر جاری رہے گا۔