سندھ میں سیاسی ہلچل: فواد چوہدری وزیراعظم کی خصوصی ہدایت لیکر آج کراچی پہنچیں گے
کراچی: سندھ میں سیاسی ہلچل کےبعد تحریک انصاف صوبے میں حکومت سازی کے لیے سرگرم ہوگئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تبدیلی کے مطالبے کے بعد صوبے میں سیاسی ہلچل دیکھی جارہی ہے اور موجودہ صورتحال میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو اہم ٹاسک سونپا گیا ہے۔
ذرائع کےمطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں کراچی کی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے فواد چوہدری کو کراچی کے بارے میں خصوصی ہدایات دی ہیں جس کے بعد وزیراطلاعات آج کراچی پہنچیں گے۔
پی ٹی آئی کی اراکین سندھ اسمبلی سےملاقاتیں
دوسری جانب تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کے اراکین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا اور اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر مملکت شہریار آفریدی اور حلیم عادل شیخ نے جی ڈی اے کے رکن صوبائی اسمبلی سردار علی گوہر مہر سے ملاقات کی۔
سندھ اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
مراد علی شاہ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ
جیو نیوز کے پروگرام ‘جرگہ’ فواد چوہدری مطالبہ کرچکے ہیں کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو تبدیل کیا جائے تاہم صوبے میں نہ گورنر راج لگایا جائے گا اور نہ ہی اٹھارھویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا۔
یاد رہے کہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی 99 اور مشترکہ اپوزیشن کی 64 نشستیں ہیں اور اکثریت حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں 85 نشستیں درکار ہیں اور موجودہ صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے اپوزیشن کے پاس عددی اکثریت موجود نہیں۔