دنیاکی سب سے خوفناک ڈکیتی
دھوپ چھا ؤں
الیاس محمد حسین
بجلی کے سلیپ ریٹ نے کیا گل کھلائے ہیں یہ ستم ایجادکرنے والوںکو شاید اس کا اندازہ نہیں ہے بجلی کا بل آتے ہی گھروںمیں لڑائیاں شروع ہوجاتی ہیں اورتو اور بھائی بھائی کو قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا کہتے ہیں ایک متوسط گھرانے کے سربراہ نے گھر میں داخل ہوتے ہی مین سوئچ Off کر دیا۔ بیوی اور بچوں نے اسے حیرانی سے دیکھ کر اس کی وجہ پوچھ ہی لی بیچارے نے لاچارگی سے جواب دیا ” دو دن گرمی میں گزار لو “
” کیوں۔۔۔۔۔؟ ” بیٹی نے پوچھا۔
” ریڈنگ پرسوں ہو گی … ہم 198یونٹ پہلے ہی جلا چکے ہیں … ایسا نہ ہو اگلے 6 مہینے پھر سے فاقے کرکے بل اداکرناپڑے اس مصیبت سے تو بہترہے ہم کچھ دن احتیاط کرلیں ” یہ سن کر سب گھر والوں کے ہونٹوں پر زخمی سی مسکراہٹ پھیل گئی ۔ بجلی کے سلیپ موجودہ ریٹ کو دنیا کی خوفناک ترین ڈکیتی سے ہی تعبیرکیا جاسکتاہے اس کو سمجھا جائے تو محسوس ہوگا بجلی کے حالیہ بلوں میں پروٹیکٹ کیٹیگری اور نان پروٹیکٹ کیٹگری کا فرق کیاہے مثال کے طور پر بجلی کے 200 یونٹس کا بل : 3083 روپے آئے گا
لیکن بھولے سے بھی ایک یونٹ تجاوزکرگیا تو 201 یونٹس کا بل 8154 روپے آسکتاہے اور یوں بھی ہوسکتاہے کہ اضافی یونٹ کا بل : 5071 روپے تک اداکرناپڑجائے اس کا صاف صاف مطلب ہے 200 یونٹ سے اوپر ایک یونٹ کا بل 5071 روپے آ سکتا ہے۔ یہ اس غریب عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔ اس کا نوٹس کون لے گا ؟ مرے پر 100 درے کے مصداق یہ ریٹ آپ کو اگلے 6 ماہ تک مسلسل بھرنا ہوگا یعنی یہ ایک یونٹ آپ کو 30,000 روپے کا پڑتا ہے۔ایک عالم ِ دین قاری عابد حسین نعیمی نے سوشل میڈیا پر اپنی ببتا شیئر کی ہے وہ کہتے ہیں ایک دن میرا سب سے چھوٹا بیٹااحتشام بھاگتا گرگراتا ہوا
خوشی سے جھومتا آیا ابو ابو ریڈنگ کرنے والے انکل آگئے۔اب ہم موٹر چلاکر نہاسکیںگے۔اب ہم رات کو پنکھا بھی چلائیں گے ہیں نا ابو۔وہ جلدی جلدی بول رہا تھا میں اس کے چہرے کی خوشی دیکھ رہا تھا جیسے اسے کوئی خزانہ مل گیا ہو۔۔خوش کیوں ناہوتا کیوں کہ میٹر 170 یونٹ کراس کرچکا تھا اور ابھی ریڈنگ میں سات دن باقی تھے۔میں نے گھر میں بجلی پر چلنے والی ہر چیز بند کردی۔دو دن کیلئے بچوں کو گاؤں بھیج دیا۔دن کو پنکھا چلتا تو رات کو بند رکھتے۔اور پھر 28تاریخ کا انتظار کرنے لگے
کہ کب ریڈنگ کی تاریخ آئے اور ہم دوسو یونٹ کراس کرنے سے بچ جائیں کیونکہ اگر200 ایک مرتبہ کراس ہوگئے تو پھر اگلے 6 ماہ تک اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا ۔۔اور آج وہ دن آہی گیا جسکا سب محلے والوں کو انتظار تھا۔شکر الحمد اللہ۔آج ریڈنگ ہوگئی ہے گھر میں عید کاسماں ہے میرے بچے اب پنکھا چلا کر سو رہے ہیں۔۔ 200 یونٹ تجاوز نہ ہوئے اس لئے نصف سال تک آنے والی مصیبت سے بچ گئے الحمد اللہ۔
حکمرانوں خدارا! سفید پوش طبقے کے حال پر رحم کریںاس شدید گرمی میں ایک عام آدمی کبھی میٹر کی طرف دیکھتا ہے، کبھی سورج کی طرف اور کبھی اپنے بچوں کی طرف ۔ خدارا عام آدمی پر ترس فرمائیں 200 یونٹ والی بندش ختم کریں اور بالخصوص گرمیوں والے مہینوں میں آپ کی اپنی عوام کو ریلیف دیں دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا جرم ہو جس کی سزا چھ مرتبہ دی جائے اگرکسی نے مہینے میں 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرلی ہو تو اس کا خمیازہ آپ کو چھ مختلف طریقوں سے بھگتنا پڑ سکتاہے اس لئے کسی اور کیلئے نہیں،
اپنے حق کیلئے خود آواز اٹھائیں پاکستانی شہری بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی بھرمار نا منظور کرتے ہیں اس لئے بجلی پر سے تمام ٹیکسز ختم کئے جائیں اوربجلی کا فی یونٹ ریٹ یکساں کیا جائے اور اشرافیہ کی مراعات ختم کرکے مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ دنیا سب سے خوفناک ڈکیتی کے آگے بند باندھا جاسکے حکمرانوں خداکیلئے عوام کے ساتھ ایسا ظلم نہ کرو آخر خدا کوبھی جواب دیناہے۔