حال ہی میں شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی عائشہ خان رواں ماہ شادی کرنے جا رہی ہیں اور انہوں نے اپنے منگیتر کی تصویر بھی مداحوں سے شیئر کردی ہے۔
عائشہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے منگیتر میجر عقبہ حدید ملک کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہم دونوں مداحوں کے پیار اور دعاؤں پر شکر گزار ہیں’۔
عائشہ نے لکھا، ‘میں نے میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کچھ عرصہ قبل کیا تھا کیونکہ میں شوبز کی چکا چوند سے دور رہنا چاہتی ہوں’۔
واضح رہے کہ عائشہ خان نے 18 برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا تھا اور اس دوران انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔
تاہم گذشتہ ماہ مارچ میں انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا، لیکن اُس وقت انہوں نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔
اور اب عائشہ نے اپنے ہونے والے شوہر کی تصویر مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے بتایا، ‘ہم چند سالوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور گذشتہ برس ہم نے منگنی کی’۔
اپنی پوسٹ میں عائشہ نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے اپنی شادی کے سلسلے میں پرائیویسی کی بھی درخواست کی۔
اگرچہ عائشہ نے اپنی شادی کی تاریخ کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تھا تاہم جیو نیوز کے مارننگ شو ‘جیو پاکستان’ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق سابق اداکارہ کا ولیمہ رواں ماہ 15 اپریل کو ہوگا اور یقیناً رخصتی اس سے ایک دو دن قبل ہی ہوگی۔
عائشہ خان کے ہونے والے شوہر عقبہ حدید ملک بھی پاک فوج کے ایک سینئر افسر ہیں۔
مییجر عقبہ حدید ملک، برطانیہ کی مشہور زمانہ سینڈ ہرسٹ ملٹری اکیڈمی میں برطانوی فوجی افسران کو تربیت دینے والے نہ صرف پہلے پاکستانی فوجی افسر ہیں بلکہ انہیں 1741 میں قائم ہونے والی اس اکیڈمی کے پہلے مسلمان ٹرینر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
میجر عقبہ حدید کے والد بریگیڈیئر حدید ملک کا تعلق بھی پاکستان آرمی سے ہے