پولیس نے بلاول کے عوامی مارچ کو ٹی چوک پر روک لیا، پی پی کا فیض آباد پر دھرنے کا اعلان
پولیس نے بلاول کے عوامی مارچ کو ٹی چوک پر روک لیا، پی پی کا فیض آباد پر دھرنے کا اعلان
اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے عوامی مارچ کے قافلے کو اسلام آباد پولیس نے ٹی چوک پر روک لیا جس کے بعد بلاول بھٹو بھی راستے میں رک گئے۔
ترجمان پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیپلزپارٹی کےعوامی مارچ کے بڑے قافلےکو اسلام آباد پولیس نے روک لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جس کنٹینر پر بلاول بھٹو سوار ہیں اس سے پیچھے موجود گاڑیوں کو مختلف مقامات پر رکاوٹیں لگا کر روکا گیا جس کے بعد بلاول نے بھی آگے بڑھنے سے انکار کردیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی کنٹینر سے بڑا اعلان، اگر مکمل قافلے کو راستہ نہ دیا گیا تو فیض آباد پر دھرنا ہوگا#AwamiMarch#GameOverIK pic.twitter.com/HKmVb12mpd
— PPP (@MediaCellPPP) March 8, 2022
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول نے مکمل قافلے کے بغیر آگے بڑھنے سے انکار کردیا جس کے بعد عوامی مارچ کا قافلہ ایکسپریس وے سے قبل دیگر ساتھیوں کے انتظار میں رک گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر روکا گیا ہے، فیض آباد بلاک کریں گے، ڈی چوک بھی جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہمارے قافلے کو روکا گیا ہے، ہم فیض آباد پر دھرنا دے رہے ہیں، آخری کارکن کے آنے تک قافلہ آگے نہیں بڑھے گا۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کو آج شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہونا ہے جبکہ آج اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے۔