قوم متحد ہو کر ظلم و ناانصافی کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دے،میاں محمد اسلم
اسلام آباد: (راجہ فرقان احمد) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے قوم متحد ہو کر ظلم و ناانصافی کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دے، جماعت اسلامی ملک کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلاب برپا کیاجائے گا، ایک اسلامی فلاحی معاشرہ کے قیام کے لیے جماعت اسلامی عوامی تائید کی طلب گار ہے،
انھوں نے کہا حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور نااہلی کی وجہ سے گوادر سے لے کر چترال تک ملک مسائلستان بن چکا ہے، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تمام نعمتوں سے نوازا ہے مگر عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی پندرہ کے دورے کے موقع پر معززین علاقہ سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا. میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی بلدیاتی اور قومی انتخابات اپنے جھنڈے اور نشان ترازو پر لڑے گی،
ہمارا منشور”اسلامی پاکستان- خوشحال پاکستان ہے، ملک کو مسائل سے نجات دلوانے کے لیے عوام کو پرامن جمہوری جدوجہد کرنا ہوگی اور ان لوگوں کو منتخب کرنا ہو گا جن کے دامن پر کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں ہے، انھوں نے کہا سالہا سال آزمائے ہوئے لوگ کبھی بھی عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ عوام مزید ان لوگوں کے دھوکے میں نہ آئے، قوم جان لے ظالم کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے برابر ہے۔