اسلام آباد نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔
جیونیوز کےمطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے۔
نیب ذرائع کا بتانا ہے کہ آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثوں، سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کے فنڈز میں خرد برد اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے، نیب سندھ میں ان کے خلاف 3 کیسز کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب کافی عرصے سے آغا سراج درانی کے خلاف تحقیقات کررہا ہے اور اس میں اب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کی بنیاد پر نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں آج اہم اجلاس ہوا جس میں نیب کراچی کے حکام بھی موجود تھے جب کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ آغا سراج درانی اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے نیب راولپنڈی کی مدد سے کارروائی کی اور آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل سے گرفتار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آغا سراج درانی کو ہوٹل سے نیب کے دفتر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا پہلے میڈیکل چیک اپ کرایا جائے گا جس کے بعد عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر انہیں کراچی منتقل کیا جائے گا۔