Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

“کشمیر کی پہچان سردار قمر الزمان “

تحریر:مریم ظہور

تحریر:مریم ظہور

“کشمیر کی پہچان سردار قمر الزمان “

تحریر:مریم ظہور
ہر دور میں کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو تاریخ کے صفحات پر اپنے نقوش اس انداز سے چھوڑتی ہیں کہ وقت گزرنے کے باوجود ان کی موجودگی محسوس ہوتی ہے۔ ایسی ہستیاں قوم کی فکری، سماجی، تعلیمی اور سیاسی بنیادوں کو مضبوط کرتی ہیں اور اپنی خدمت، سادگی، خلوص اور ویژن کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا چراغ جلاتی ہیں۔آزاد کشمیر کی سر زمین پر سردار قمر الزمان خان کا شمار بھی انہی شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے خدمتِ خلق کو اپنی سیاست کا محور بنایا اور باغ کے ہر گھر میں امید کی ایک کرن بن کر ابھرے۔سردار قمر الزمان خان نہ صرف ایک زیرک سیاستدان ہیں

بلکہ وہ ایک سچے عوامی نمائندے، ایک شفیق استاد، اور ایک مخلص رہنما کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ اُن کی گفتگو میں شفقت، عمل میں سچائی، اور نظریات میں بلندی ہے۔ ان کی قیادت میں نہ صرف تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں بلکہ انہوں نے نوجوان نسل کو روشن مستقبل کے خواب بھی دیے۔ ان کی خدمات کا دائرہ صرف عہدوں تک محدود نہیں بلکہ ان کے دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے رہے۔
سردار قمر الزمان خان 19 اگست 1952 کو ضلع باغ کے گاؤں پنیالی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے سے حاصل کی۔ ایف ایس سی اور بی اے گورنمنٹ کالج مظفرآباد سے کیا۔ تعلیم کے دوران ہی انہوں نے طلبہ کے حقوق کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا۔اور 1978 میں مارشل لاء کے خلاف آواز بلند کرنے پر قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔
سردار قمر الزمان خان آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نمایاں اور ہمہ جہت شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
بطور وزیر تعلیم آزاد کشمیر میں تعلیمی انقلاب برپا کیا۔ “ایجوکیشن پیکیج” متعارف کروایا جس کے تحت متعدد اسکولز اور کالجز کا قیام عمل میں آیا، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن ہوئی، ان کی قیادت میں باغ میں خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا، جو خواتین کی تعلیم کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ کالج آف ایجوکیشن، گرلز ڈگری کالج ریڑہ,گرلز ڈگری کالج بیرپانی، سائنس کالج نڑیولہ، ماڈل سائنس کالج کوٹھیاں، ماڈل کالج باغ، سائنس کالج تھب، پوسٹ گریجویٹ کالج باغ، سائنس کالج ملوٹ، انٹر کالج سیور،باغ میں 24 ہائی سکولز،ڈھل قاضیاں ہائر سیکنڈری سکول ،باغ میں ہزاروں پرائمری و مڈل سکولز، جن میں ہزاروں اساتذہ کی تقرریاں ہوئیں اور لاکھوں طلبہ و طالبات تعلیم سے مستفید ہو رہے ہیں اور اس طرح بےروزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے

۔بطور وزیر صحت، سردار قمر الزمان خان نے “ہیلتھ پیکیج” متعارف کروایا جس کے تحت آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں 17 بنیادی مراکز صحت (BHU) اور دیہی صحت مراکز (RHC) قائم کیے گئے۔ جن میں الائیڈ ہیلتھ انسٹیٹیوٹ، تھب آر ایچ سی،پنیالی بی ایچ یو، چھتر آر ایچ سی،کھرل ملدیال بی ایچ یو،سیری پیراں بی ایچ یو، لوہار بیلہ آر ایچ سی،ریڑہ آر ایچ سی ،بیرپانی آر ایچ سی، رتنوئی بی ایچ یو،ڈھلی آر ایچ سی، کوٹھیاں بی ایچ یو، چوکی بی ایچ یو، نڑیولہ بی ایچ یو،کھرل عباسیاں آر ایچ سی،گفل گڑھ آر ایچ سی،ملوٹ آر ایچ سی، بھی منہاساں بی ایچ یو،جیسے اقدامات سے عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔
سردار قمر الزمان خان نے 1990 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ LA-XIV باغ II سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور وزیر تعلیم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں 1991 اور 1996 میں بھی منتخب ہوئے اور وزیر تعلیم، وزیر خزانہ، وزیر صحت، سینئر وزیر اور قائم مقام وزیر اعظم جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر اور سوشل ایکشن پروگرام کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔سردار قمر الزمان خان نے باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کارپوریشن جیسے اداروں کی بنیاد رکھی، جو علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سڑکوں کی تعمیر وترقی میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا

جس میں باغ تا لسڈنہ سڑک،باغ تا سدھن گلی سڑک، جنوبی باغ میں 24 سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور ساتھ میں باغ میں گریٹر واٹر سپلائی اسکیم بھی انہی کی مرہون منت ہیں۔سردار قمر الزمان خان آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک نمایاں اور معتبر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی خدمات نے انہیں “باغ کا سر سید” اور”عوامی رہنما”کا لقب دلوایا، جو ان کی تعلیمی اور سماجی اصلاحات کی عکاسی کرتا ہے۔
سردار قمر الزمان خان کی خدمات آزاد کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے تعلیم، صحت، اور سماجی ترقی کے شعبوں میں جو کارہائے نمایاں انجام دیے، وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان کی قیادت، ویژن، اور عوامی خدمت کا جذبہ آزاد کشمیر کے عوام کے دلوں میں ہمیشہ
زندہ رہے گا۔انہوں نے اپنی ذاتی گاڑی پر سرکاری جھنڈا نہ لگا کر سادگی اور عوامی خدمت کا عملی مظاہرہ کیا۔ سردار قمر الزمان خان کی سیاسی بصیرت، تعلیمی و صحت کے شعبوں میں اصلاحات، اور عوامی خدمت کے جذبے نے انہیں آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔ ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سردار قمر الزمان کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ آج یوم پیدائش جس دن وہ مکمل صحت و تندرستی کے ساتھ اپنے زندگی کے بہتر واں سال پورا کر رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کا سایہ ہم سب پہ قاٸم و دائم رکھے۔ آمین

Exit mobile version