42

قومی اعزازقوم کے نام !

قومی اعزازقوم کے نام !

ملک ایک عرصے سے سیاسی و معاشی بحران اور دہشت گردی کا شکار چلا آرہا تھا، آرمی چیف جنر ل عاصم منیر نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد دہشت گردی کے خاتمے کی ٹارگٹڈ مہم پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ ہر اس مسئلے کے حل میں سیاسی قیادت کا بھرپور ساتھ دیا کہ جس کے اثرات قومی بقا و سلامتی کے تقاضوں تک پہنچ رہے تھے، اس دوران ہی بھارت نے جارحیت دکھائی تو اس کا بھی منہ توڑ جواب دیا گیا،اس کا سارا کر یڈیٹ ا ٓرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ہی جاتا ہے کہ جنہوں نے اپنی مثالی جرأت اور کاوشوں سے تینوں افواج کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت متحد و منظم رکھتے ہوئے اس مقام پر پہنچایا کہ جس میں دشمن کے کوئی حربے چل سکے نہ ہی آئندہ چل سکیں گے۔
بھارت ایک عرصے سے پا کستان کے امن کی خواہش کو بہت ہی ہلکا لینے لگاتھا اور سمجھنے لگاتھا کہ پا کستان جنگ سے بھاگ رہا ہے ، لیکن جب بھارت نے جاریحانہ قدم اُٹھایا تو پاک آرمی کی جانب سے ایسا منہ توڑ جواب دیا گیا کہ بھارت کو اپنی نانی یاد آگئی ہے ، اس کا سارا کریڈیٹ پاک آرمی اور اس کے سپہ سا لارکو ہی جاتا ہے ، اس کا اعتراف جہاں پوری دنیا کررہی ہے ،وہیں اس کی تائید پوری پاکستانی قوم بھی کررہی ہے ، اس پر حکومت پا کستان نے آرمی چیف کو جہاںفیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی ہے،

وہیں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے پر اُن کی خدمات کو بھی جاری رکھنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے، جبکہ افواجِ پاکستان کے افسران و جوان‘ غازیوں‘ شہدا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اعلیٰ سرکاری ایورڈز دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ، یہ وفاقی کابینہ نے جو کچھ بھی کیا ہے ،یہ سب کچھ قومی امنگوں کی ہی ترجمانی کررہاہے ۔
پا کستانی عوام بھارت کی عبرت ناک شکست پر بہت خوش ہے اور اس کا بھر پور اظہار بھی کیا جارہا ہے ،اس خوشی میں وفاقی کا بینہ کے فیصلے نے مزید اضافہ ہی کیا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستانی تاریخ کی دوسری شخصیت ہیں کہ جنہیں فوج کے اعلیٰ ترین عہدے سے نوازا گیا ہے ،اس پرآئی ایس پی آر کا کہنا ہے

کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر آرمی چیف نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا اعزاز قوم‘ افواجِ پاکستان‘ سول وملٹری شہدا اور غازیوں کے نام کرتے ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا بیان بھی پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے کہ آرمی چیف کی فیلڈ ما رشل کے عہدہ پر ترقی قوم کی طرف سے آپریشن بنیانٌ مّرصوص میں ان کی بے مثال قیادت کی کامیابی کا اعتراف ہے اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی اپنے شاہینوں کے ہمراہ نہ صرف وطن کی فضائوں کو ناقابلِ تسخیر بنا یا ، بلکہ دشمن کے طیاروں کا غرور خاک میں ملا دیااور اب اپنے قومی اعزاز کو بھی قوم کے ہی نام کررہے ہیں ، اس لیے ہی پا کستانی قوم اپنے بہادر فوج کے جوانوں پر ناز کرتی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلح افواج کے ہر سپاہی‘ ہر افسر‘ ہر ایئرمین اور ہر سیلر نے اپنی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے میدانِ جنگ میں پاکستان کی کامیابی کو ممکن بنایاہے، مگر عسکری قیادت نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے سبب نازک حالات میں نہ صرف پوری قوم کی درست سمت میں رہنمائی کی ہے، بلکہ وطن کے دفاع کا حق بھی ادا کیاہے، پاک بھارت جنگ کے آغاز سے چند روز پہلے ہی جنرل عاصم منیر نے فرنٹ لائن محاذوں کا دورہ کرتے ہوئے ایک ٹینک کے اوپر کھڑے ہو کر میدان میں موجود فوجیوں سے خطاب کر تے ہوئے

اپنے مصمم عزم کا اظہار کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری‘ پُرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا،اس عمل کی دنیا بھر کے دفاعی حلقوں میں کافی پذیرائی کی گئی تھی، اس پر امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے آرمی چیف کا جواب سیاسی حساب کتاب سے بڑھ کر معلوم ہوتا ہے، انہوں نے بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے فرنٹ سے لیڈ کر کے مثال قائم کی ہے۔
یہ مات کوئی مانے نہ مانے، مگر دنیا مان رہی ہے کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی تینوں افواج نے جس ہم آہنگی کے ساتھ بروقت صورتحال کی آگاہی‘ نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھرپور صلاحیت کا اظہار کیاہے ،اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے ،اس نے دفاعی و عسکری تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے ،بلاشبہ یہ کار نامہ مدتِ مدید تک نہ صرف یاد رکھا جائے گا، بلکہ اس کار نا مے کو سر انجام دینے والوں کا نام بھی سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،اس معرکہ کے فاتح آرمی چیف کے لیے فیلڈ مارشل کا عہدہ اور ایئر چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع قوم کی جانب سے ہدیہ تبریک کے ساتھ اس بات کا اظہار ہے کہ پوری قوم ان کی احسان مند ہے اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کی سدا نہ صرف عزت وتکریم دیتی ہیں، بلکہ انہیں کبھی فراموش بھی نہیں کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں