60

پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہوگئے، ڈونلڈٹرمپ

پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہوگئے، ڈونلڈٹرمپ

پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہوگئے، ڈونلڈٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ  بھارت اور پاکستان سیزفائر پر تیار ہوگئے ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

دونوں ممالک کو مبارک باد دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کردی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر سیز فائر پر اتفاق کرلیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ  ہم نے کہا سیز فائر کے لیےتیار ہیں لیکن اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے، جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا شکرگزار ہوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ساڑھے4 بجے سے سیز فائر ہوگیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں سے میں اور نائب امریکی صدر پاکستان اور بھارتی اعلیٰ حکام سے رابطے میں تھے، اعلان کرتے ہوئے خوشی ہےکہ پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر  رضامند ہوگئے ہیں، پاکستان اوربھارت وسیع تر مسائل پر کسی غیر جانبدار  مقام پر مذاکرات کریں گے۔

دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ دونوں طرف سے فوجی کارروائیاں بھی روک دی جائیں گی۔

جنگ بندی پاکستانی وقت کےمطابق شام 4:30  سےشروع ہوگئی:بھارتی سیکرٹری خارجہ

 بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی پر پاکستانی وقت کےمطابق شام 4:30 بجے سے عمل ہوچکا ہے،پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 12 مئی کو بات چیت کریں گے، پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوزکے درمیان آج بات چیت ہوئی تھی، بات چیت میں دونوں طرف سے آج شام سے بری، بحری اور فضائی فائربندی پر اتفاق ہوا تھا۔

خیال رہےکہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے، پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

پاکستان نے آج صبح بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔

الحمدللہ افواج پاکستان نے مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ الحمدللہ افواج پاکستان نے مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا ہے، پہلگام واقعے پرحقائق جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو بھارت نے ٹھکرا دیا،بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا،آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بےگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، آپ سمیت پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم بھارت کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=oSoZ3ZvT3ds&t=3s

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں